Momin aur Islami Saal By Maulana Nadeem Ahmed Ansari

Download

         کتاب:  مومن اور اسلامی سال

        مصنف:  مولانا ندیم احمد انصاری

        صفحات:  ۳۵۲

        قیمت:  ۲۷۰روپئے

        سالِ اشاعت:  ۲۰۱۶ء

        تعدادِ اشاعت: پانچ سو

        ناشر:  الفلاح اسلامک فاؤنڈیشن، ممبئی،انڈیا

        کتاب حاصل کرنے کے لیے رابطہ کریں: 09022278319

ISBN 978-81-89440-01-03

اس کتاب پر لکھی گئی اکابر علما کی تقریظات وغیرہ سے چند اقتباسات ملاحظہ فرمائیں:

’مومن اور اسلامی سال‘ پیشِ نظر کتاب کا نام ہے جس کے مؤلف ہیں عزیز القدر جناب مولانا ندیم احمد انصاری، بانی و ڈائریکٹر ’الفلاح اسلامک فائونڈیشن، انڈیا‘۔ کتاب کے مضامین اور مشمولات کا کسی حد تک اندازہ اس کے عنوانات سے بھی ہوجاتا ہے، مگر اس کی تفصیلی فہرست سے مکمل طور پر مضامین اور ان کی اہمیت کا احساس ہوتا ہے۔دراصل یہ کتاب اسلامی ماہ و سال کی اہمیت اور اس کے فضائل پر مشتمل مقالات و بحوث کا صرف احاطہ نہیں بلکہ ایسے بیش بہا مضامین کا مجموعہ ہے جن میں دین کے مختلف شعبہ جات کی خصوصیات اور ان کی خوبیوں کا تذکرہ بھی ہے، اور دینِ اسلام کی جامعیت کا اظہار بھی، عبادت، معاملات، حقوق، فرائض و واجبات اور مسلمانوں پر عائد ذمہ داریوں اور ان کی ادائیگی کے مسنون طریقوں کا ذکر بھی اور مصنف کا طرزِ بیان اس کی مزید خوبی، خود مؤلف گرامی قدر نے کتاب کی تمہید میں اپنی محنت، جدوجہد اور لگن کا ذکر بڑی وضاحت سے کردیا ہے۔

واضح رہے کہ مؤلف کی یہ پہلی کاوش نہیں ہے، اس سے پہلے ان کی مرتب کردہ کئی کتابیں منظر عام پر آکر اہلِ علم اور عام مسلمانوں میں مقبولیت حاصل کرچکی ہیں، اور کئی سال سے مسلسل اخبارات و رسائل میں ان کے دینی، علمی اور تاریخی مضامین شائع ہوتے رہے ہیں، راقم الحروف نے ان کے تقریباً تمام مضامین کا مطالعہ کیا ہے، بحمد اللہ انھوں نے ہر مضمون اور ہر تحریر یا کتاب میں اس بات کا التزام کیا ہے کہ بحث و تحقیق یا مسائل و فضائل، قرآنِ کریم کی مستند تفسیروں، حدیث کے صحیح مجموعوں اور فقہ و فتاویٰ کی معتمد و مقبول کتابوں سے ماخوذہوں، اور ان کی روشنی میں وضاحت ہو۔

پیشِ نظر کتاب ’مؤمن اور اسلامی سال‘ کے تعارف یا اس کی اہمیت و خصوصیت کے ذکر کی مزید ضرورت اس لیے بھی نہیں ہے کہ کتاب کی تفصیلی فہرست میں وہ تمام عنوانات موجود ہیں جو کسی مہینے کی فضیلت، اس میں انجام دیے جانے والی عبادت اور عوام الناس میں رائج رسوم و بدعات کا تذکرہ ضروری محسوس ہوتا ہے۔ اتنی تفصیل اور جامعیت شاید اردو زبان کی کسی کتاب میں پائی جاتی ہو، اسی اہمیت کے پیش نظر ضروری ہے کہ یہ کتاب طلبۂ علومِ دینیہ، ائمہ و خطباء اور عام دین دار مسلمانوں کے پاس موجود رہے۔

READ  Ashab-e-Feel aur unka ibarat naak anjaam, Nadeem Ahmed Ansari, Al Falah Islamic Foundation, India

محمد اسلام قاسمی

خادم دار العلوم (وقف) دیوبند

۶؍محرم الحرام ۱۴۳۷ھ

۲۰؍اکتوبر ۲۰۱۵ء

۔۔۔

زیرِ نظر کتاب ’مومن اور اسلامی سال‘ کا موضوع شریعت کے وہ احکام و فضائل ہیں، جو سال کے بارہ مہینوں یا دنوں سے متعلق ہیں۔ مؤلف نے محرم الحرام سے لے کر ذی الحجۃ الحرام تک ہر ایک مہینے کا الگ عنوان قائم کرکے اس کی مختلف تاریخوں کی خصوصیات پر بحث کی ہے، اگر روایاتِ حدیث سے کسی خاص مہینے یا دن کے کچھ احکام ثابت ہیں تو ان کا تذکرہ شامل کیا ہے اور بعض ایام سے متعلق جو بدعات و رسوم ورواج پائی جاتی ہیں اور شریعتِ مطہرہ میں ان کا کچھ ثبوت نہیں ہے، اُن پر جا بجا حوالجات کے ساتھ بحث کی ہے۔بہ حیثیتِ مجموعی کتاب اہلِ علم، ائمۂ مساجد کے کام کی بھی ہے اور عام مسلمانوں کے لیے مفید بھی۔

سیدی و مرشدی حضرت مولانا مفتی احمد خانپوری دامت برکاتہم

رکنِ شوریٰ دارالعلوم دیوبند و شیخ الحدیث جامعہ اسلامیہ تعلیم الدین، ڈابھیل، گجرات

۶؍محرم الحرام ۱۴۳۷ھ

۔۔۔

اسلامی ماہ و سال سے متعلق یہ تصنیف (مومن اور اسلامی سال:قرآن و سنت کی روشنی میں) قابلِ استفادہ ہے، سال کے ہر مہینے کی اہمیت، اس کی فضیلت اور اس میں جن اعمال کو اختیار کرنے کی نصیحت کتاب و سنت کی روشنی میں پائی جاتی ہے، ان کو تفصیل سے بیان کرنے کی پوری کوشش کی گئی ہے اور علماے سلف کے اقوال بھی جا بجا نقل کرکے کتاب کی افادیت میں مزید اضافہ کیا گیا ہے۔یہ کتاب دراصل ہر طبقے کے مسلم افراد کی ایک بڑی ضرورت پوری کرتی ہے اور اپنی نوعیت کے اعتبار سے نہ صرف مستند اور قابلِ عمل ہے بلکہ اس موضوع پر منفرد بھی ہے، اس سے عوام و خواص سبھی فایدہ اٹھا سکتے ہیں، خواتین کے معاشرے میں اور نا خواندہ طبقے میں جو غلط فہمیاں یا مبالغہ آرائیاں اسلامی سال کے مہینوں اور دنوں کے بارے میں پائی جاتی ہیں، ان کا ازالہ آسان ہوگا اور اسلامی احکام اور شریعت کی روشنی میں ان دنوں اور مہینوں کے تعلق سے صحیح اور متوازن رائے قائم کرنے میں مدد ملے گی اور ان بدعتوں کا خاتمہ ہوگا جو عام طور سے مسلم معاشرے میں نادانستہ طور پر موجود ہیں۔

READ  Sawm-e-Mahmood by Maulana Nadeem Ahmed Ansari

سعید الرحمٰن اعظمی ندوی

مدیر البعث الاسلامی، ندوۃالعلماء لکھنؤ

۷؍محرم ۱۴۳۷ھ بمطابق ۲۱؍اکتوبر ۲۰۱۵ء

۔۔۔

جناب مولانا ندیم احمد انصاری صاحب کی کتاب ’مومن اور اسلامی سال: قرآن و سنت کی روشنی میں‘ متعدد مقامات سے دیکھی، کتاب پسند آئی، مرتب نے اس کتاب میں سال کے بارہ مہینوں سے متعلق اسلامی احکام و مسائل اور ان مہینوں کے خاص اعمال کا تفصیلی ذکر کرنے کے ساتھ ان رسوم و بدعات کی بھی نشاندہی کی ہے جو جاہل عوام نے ایجاد کر لی ہیں۔

حضرت مولانا مفتی ابو القاسم نعمانی دامت برکاتہم

مہتمم دار العلوم دیوبند

(۲۴؍۱۱؍۱۴۳۶ھ)

۔۔۔

مولانا ندیم احمد انصاری صاحب نے اسلامی سال کو موضوع بنا کر اس کے مہینوں اور دنوں پر ایک اچھی فاضلانہ کتاب تیار کر دی، جس میں سبھی مہینوں کی خصوصیات اور ان کی اہمیت دلائل کے ساتھ پیش کی ہے، یہ مفید اور مبارک کام ہے، میں اس کی قدر کرتا ہوں اور اس کے مفید ہونے کی دعا کرتا ہوں۔

حضرت مولانا سید رابع حسنی ندوی دامت برکاتہم

ناظم ندوۃ العلماء، لکھنؤ و صدر مسلم پرسنل لا بورڈ، انڈیا

یکم ذو الحجہ ۱۴۳۶ھ

۔۔۔

میرے سامنے کتاب ’مومن اور اسلامی سال: قرآن وسنت کی روشنی میں‘ کا مسودہ ہے، جس کو جناب مولانا ندیم احمد انصاری حفظہ اللہ (ایم اے، جرنلسٹ) نے تیار کیا ہے، جس میں اسلامی سال کے تمام مہینوں (محرم سے لے کر ذی الحجہ تک) سے متعلق ضروری باتیں، اُن کے فضائل، اُن میں ادا کیے جانے والے اعمال اور اُن سے متعلق مسائل قرآن و سنت کی روشنی میں درج کیے گئے ہیں اور کتاب کو ختم کرتے ہوئے ختامہ مسک کے تحت زیارتِ روضۂ رسول اللہﷺ کے آداب اور قابلِ زیارت مقامات کو اپنی کتاب میں برکتاً جگہ دی ہے۔۔۔الغرض اسلامی سال اور مہینوں کے فضائل و مسائل یکجا طور پر کسی کتاب میں نہیں ملتے تھے، جناب مولانا ندیم احمد انصاری صاحب نے خوشہ خوشہ چُن کر ایک عجیب گلدستہ تیار کر دیا۔ اس کتاب کی وقعت میں یوں بھی اضافہ ہو جاتا ہے کہ ہر مسئلہ باحوالہ ہے۔

READ  Mobile : Kirdaar-o-masail By Maulana Nadeem Ahmed Ansari

حضرت مولانا عبد الخالق سنبھلی دامت برکاتہم

نائب مہتمم دار العلوم دیوبند

۲۴؍۱۲؍۱۴۳۶ھ

۔۔۔

حضرت مولانا ندیم احمد انصاری صاحب زید مجدکم کی تالیف کردہ کتاب ’مومن اور اسلامی سال‘ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔ مشغولیات کے سبب مکمل کتاب تو نہ دیکھ سکا البتہ جستہ جستہ مختلف مقامات سے دیکھا، ما شاء اللہ منتشر معلومات کو بہت سلیقے سے مرتب اور محقق انداز میں جمع کر دیا گیا ہے، جو یقیناً فائدے سے خالی نہیں۔ دل سے دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس کتاب کو مفید و نافع بنائے اور مؤلف کے فیض کو چہار دانگِ عالم میں پھیلائے اور اپنی خاص توفیق سے مالا مال فرمائے۔ آمین

حضرت مولانا مفتی محمود عالم مظاہری دامت برکاتہم

نائب مفتی مظاہرِ علوم (وقف) سہارنپور

۴؍محرم الحرام ۱۴۳۷ھ

۸۱؍اکتوبر ۲۰۱۵ء

۔۔۔

مولانا ندیم احمد انصاری سلمہٗ باصلاحیت، فعّال، نوجوان عالمِ دین ہیں، دینی مسائل پر لکھنے کا ذوق بھی ہے اور سلیقہ بھی۔ اس سے پہلے اہم موضوعات پر ان کے متعدد رسائل منظرِ عام پر آچکے ہیں۔ ان کی پیشِ نظر تصنیف ’مومن اور اسلامی سال‘ جس حد تک دیکھ سکا، ما شاء اللہ مفید اور معلوماتی پایا۔ مولانا نے ہر مہینے سے متعلق احکام کو سلیقے سے یکجا کر دیا ہے، اس طرح یہ کتاب کئی فقہی ابواب سے متعلق احکام پر مشتمل ہے۔ اللہ تعالیٰ ان کی اس محنت کو قبولیت اور عوام کو اس سے استفادے کی توفیق مرحمت فرمائے۔ آمین

حضرت مولانا مفتی عزیز الرحمٰن فتحپوری دامت برکاتہم

مفتیِ اعظم مہاراشٹر

۷؍محرم الحرام ۱۴۳۷ھ

۲۱؍اکتوبر ۲۰۱۵ء

Check Also

Shab-e-Mahmood Yani Shab-e-Bara’at par muhaqqaq Risala By Maulana Nadeem Ahmed Ansari

Read Online/Download شبِ محمود یعنی شبِ برأت پر محقق رسالہ از مولانا ندیم احمد انصاری …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *