الفلاح اسلامک فاؤنڈیشن، انڈیا کے نوجوان اور فعّال ڈیریکٹر مولانا ندیم احمد انصاری صاحب کا نام علمی حلقوں میں کسی تعارف کا محتاج نہیں ۔ان کی مسلسل علمی خدمات اہلِ علم میں معروف ہیں۔ موصوف ایک عالمِ دین اور صحافی ہونے کے علاوہ ممبئی کے ایک کالج کے شعبۂ اردو سے بھی وابستہ رہے ہیں۔ مختلف علمی وادبی موضوعات پر ان کی تقریباً دو درجن کتابیں طبع ہو کر منظرِ عام پر آچکی ہیں۔ حال ہی میں غیر افسانوی ادب میں ان کی ایک نئی کتاب بنام ’آفریں‘زیورِ طبع سے آراستہ ہو کر منظرِ عام پر آئی ہے، اس کی رو نمائی ۲۷؍نومبر ۲۰۱۹ء کو دارالعلوم وقف دیوبند کے رکنِ مجلسِ مشاورت جناب حافظ اقبال صاحب چونا والا کے بدست عمل میں آئی۔اس کتاب میں حسبِ ذیل تین خاکے: (۱)رسول اللہ ﷺ(۲)والد ماجد(۳) برادرِ اکبر اور ایک سفرنامہ ’دیوبند اور آس پاس کا ایک یادگار سفر‘ کے زیرِ عنوان شامل ہے۔