فضلیت و برتری کا معیار: لوگوں میں افضل و بہتر کون

مفتی ندیم احمد انصاری

انسان کی فضیلت حسب نسب سے نہیں کردار و اعمال سے ہے، جسے اس کا عمل آگے نہ بڑھا سکے اس کا نسب اسے آگے نہیں بڑھا سکتا۔ بعض چیزیں وہبی طور پر انسان کے لیے فضیلت کا باعث ہو جایا کرتی ہیں، لیکن افضلیت کا مدار اکثر کسب پر ہوتا ہے، الاماشاءاللہ۔ یہاں اس سلسلے کی بعض احادیث ذکر کی جا رہی ہیںجن سے معلوم ہوگا ہے کہ انسان کی فضیلت و برتری کی بنیادیں کیا ہیں اور کن اعمال و افعال کا خوگر لوگوں میں سب سے بہتر ہے؟

برکاتِ نبویؐ

حضرت عمران بن حصینؓنے بیان کیا، حضرت نبی کریم ﷺ نے فرمایا: تم میں بہتر وہ لوگ ہیں جو میرے زمانے میں ہیں، پھر وہ لوگ جو ان کے بعد آئیں گے، پھر وہ لوگ جو ان کے بعد آئیں گے۔ عمرانؓنے بیان کیا: مجھے معلوم نہیں کہ آپ ﷺ نے دو قرن یا تین قرن کے بعد فرمایا کہ تمھارے بعد ایسی قوم پیدا ہوگی جو خیانت کرے گی اور اس میں امانت نہیں ہوگی اور وہ گواہی دیںگے حالاں کہ انھیں گواہ نہ بنایا جائے گا، اور نذر مانیںگے لیکن پوری نہیں کریں گے، اور ان میں موٹاپا ظاہر ہوجائے گا۔[بخاری] اس حدیث میں قربِ نبوت کو افضلیت کا معیار قرار دیا گیا ہے اور اس میں کوئی دو رائے نہیں۔

اچھے آدمی کے بعض خصائص

ابو لہب کی بیٹی حضرت درہؓفرماتی ہیں؛ ایک مرتبہ کسی نے رسول اللہ ﷺ سے پوچھا -آپ ﷺاس وقت منبر پر تھے -اے اللہ کے رسول کون سا شخص بہتر ہے؟ آپﷺ نے فرمایا: سب لوگوں سے بہتر وہ شخص ہے جو سب سے زیادہ قرآن پڑھنے والا ہو، سب سے زیادہ متقی ہو، سب سے زیادہ اچھائیوں کا حکم کرنے والا ہو، سب سے زیادہ برائیوں سے روکنے والا ہو، سب سے زیادہ رشتے ناطے جوڑنے والا ہو۔ [مسند احمد] یہ تمام چیزیں کسبی ہیں۔

جائز امور میں خاندان کا دفاع کرنا

حضرت سراقہ بن مالک بن جعثم مدلجیؓسے روایت ہے، رسول اللہ ﷺ نے ہمیں خطبہ دیا اور فرمایا: تم میں سے بہتر شخص وہ ہے جو اپنے خاندان کا دفاع کرے، جب تک کہ گناہ نہ ہو۔[ابوداود] یعنی خاندان کے کام آنا تو بہت اچھی بات ہے، لیکن اس وقت تک جب تک گناہ نہ ہو۔

بااخلاق ہونا

حضرت عبداللہ بن عمر ؓ سے روایت ،رسول اللہ ﷺ نہ تو فحش گو تھے نہ بہ تکلف فحش گو بننے والے تھے، اور آپ ﷺفرمایا کرتے تھے کہ تم میں سے بہتر وہ شخص ہے جو تم سب میں زیادہ اچھے اخلاق والا ہو۔[بخاری ]اس حدیث میں اچھے اخلاق کو افضیلت کا باعث بتایا گیا ہے۔

بیوی کے حق میں اچھا ہونا

حضرت ابوہریرہؓسے روایت ہے،رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: مسلمانوں میں سے کامل ترین ایمان والا وہ ہے جو اخلاق میں سب سے بہتر ہے اور تم میں سے بہترین وہ لوگ ہیں جو اپنی عورتوں کے حق میں اچھے ہوں۔[ترمذی ] حضرت عائشہ ؓسے روایت ہے، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تم میں سے بہترین وہ ہے جو اپنے گھر والوں کے لیے بہتر ہے، اور میں تم میں اپنے گھر والوں کے لیے سب سے بہتر ہوں، اور جب تم میں سے کوئی مرجائے تو اسے چھوڑ دو (یعنی اسے برائی سے یاد نہ کرو)۔[ترمذی ] اب تو آدمی ساری دنیا کے سامنے اخلاق کا ڈھنڈورا پیٹتا رہتا ہے اور اپنی بیوی کے ساتھ زیادتیاں کرتا ہے۔ اللہ تعالیٰ ہماری حفاظت فرمائے، آمین۔

شریف اور کمینے آدمی کی خصلت

حضرت علیؓسے روایت ہے، حضرت نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا: تم میں سے بہتر وہ ہے جو اپنے گھر والوں کے لیے بہتر ہو اور میں تم سب میں اپنے گھر والوں کے لیے بہتر ہوں، عورتوں کا اکرام صرف شریف آدمی کرتا ہے اور عورتوں کو ذلیل صرف کمینہ آدمی کرتا ہے۔ [کنزالعمال]

بیویوں اور بیٹیوں کے لیے بہتر ہونا

رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: تم میں بہتر وہ ہے جو اپنی بیویوں اور بیٹیوں کے لیے بہتر ہو۔[شعب الايمان]

ساتھی سے زیادہ محبت رکھنے والا

حضرت انسؓسے روایت ہے، حضرت نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا: جب دو لوگ آپس میں محبت کرتے ہیں تو ان دونوں میں افضل وہ ہوتا ہے جو اپنے ساتھی سے زیادہ محبت کرنے والا ہو۔[الادب المفرد] محبت کا کیا خوب صورت پیمانہ دیا بتایا گیا ہے۔

صاف دل اور زبان کا سچّا ہونا

حضرت عبداللہ بن عمرؓسے روایت ہے، رسول اللہ ﷺ سے عرض کیا گیا: کون سا آدمی افضل ہے؟ آپﷺ نے فرمایا: صاف دل اور زبان کا سچا۔ لوگوں نے کہا: زبان کے سچے کو تو ہم پہچانتے ہیں لیکن صاف دل والا کون ہے ؟ آپﷺ نے فرمایا: متقی، پاک صاف، جس کے دل میں نہ گناہ ہو، نہ بغاوت، نہ بغض، نہ حسد۔[ابن ماجہ] اللہ تعالیٰ ہمیں بھی زبان کا سچّا اور دل کا صاف بنا دے، آمین۔

عمر لمبی اور اعمال اچھے ہوں

حضرت جابر بن عبداللہؓ سے روایت ہے، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا : کیا میں تمھیں تمھارے برے لوگوں میں سے اچھے لوگوں کی خبر نہ دوں؟ انھوں نے کہا : کیوں نہیں! آپ ﷺ نے فرمایا :تم میں سے بہتر وہ ہیں جن کی عمریں لمبی اور اعمال اچھے ہوں۔[سنن کبری بیہقی]

سلام میں پہل کرنا

حضرت ابوایوبؓسے روایت ہے، حضرت نبی کریم ﷺ نے فرمایا: کسی مسلمان کے لیے جائز نہیں کہ اپنے بھائی کو تین دن تک اس طرح چھوڑ دے کہ جب دونوں ملیں تو ایک اِس طرف اور دوسرا اُس طرف منھ پھیرے ہوئے ہو، اور ان دونوں میں بہتر وہ ہے جو سلام میں پہل کرے۔[بخاری ]

خیر کے علاوہ لوگوں کو چھوڑے رکھنا

حضرت ابوہریرہؓسے روایت ہے، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: لوگوں پر ایک زمانہ ایسا ضرور آئے گا جس میں مقام و مرتبے کے لحاظ سے سب سے زیادہ افضل وہ آدمی ہوگا جو اپنے گھوڑے کی لگام پکڑ کر اللہ کے راستے میں نکلا ہو -جہاں سے کوئی پکار سنے اس کی پیٹھ پر سوار ہو اور موت کی تلاش میں نکل کھڑا ہو-یا وہ آدمی جو عوام ہی میں رہتا ہو، نماز قایم کرتا ہو، زکوۃ ادا کرتا ہو، اور خیر کے علاوہ لوگوں کو چھوڑے رکھے ۔[مسند احمد ]

لوگوں کو کھانا کھلانا

حضرت حمزہ اپنے والد حضرت صہیبؓسے روایت کرتے ہیں، حضرت عمر ؓ نے (حمزہ کی ولادت سے قبل) حضرت صہیبؓسے کہا:آپ نے اپنی کنیت ابو یحییٰ کیوں رکھی ، حالاں آپ کی اولاد نہیں ہے ؟انھوں نے فرمایا: میری کنیت رسول اللہ ﷺ نے ابو یحییٰ رکھی ہے، لہٰذا اسے تو میں کبھی نہیں چھوڑ سکتا یہاں تک کہ ان سے جاملوں، رہی کھانے میں اسراف کی بات تو رسول اللہﷺ نے فرمایا ہے: تم میں سے بہترین آدمی وہ ہے جو دوسروں کو کھانا کھلائے۔[مسند احمد]

لوگوں کو اپنے ضرر سے محفوظ رکھنا

حضرت ابوسعید خدریؓسے روایت ہے، ایک مرتبہ عرض کیا گیا: اے اللہ کے رسولﷺ! لوگوں میں افضل کون ہے؟ آپ نے فرمایا: وہ مومن جو اپنی جان اور اپنے مال سے اللہ کی راہ میں جہاد کرتا ہو! صحابہؓ نے پھرعرض کیا: اس کے بعد کون ؟ آپ ﷺ نے فرمایا: وہ مومن جو پہاڑ کے کسی درے میں رہتا ہو اور وہیں اللہ کی عبادت کرتا ہو اور لوگوں کو اپنے ضرر سے محفوظ رکھتا ہو۔[بخاری]

قرض اچھے طور پر ادا کرنا

حضرت ابوہریرہؓسے روایت ہے، حضرت نبی کریمﷺ پر کسی کا ایک خاص عمر کا اونٹ قرض تھا، وہ آپ کے پاس تقاضے کے لیے آیا تو آپ نے صحابہ سے فرمایا: اسے دےدو۔ لوگوں نے اس عمر کا اونٹ تلاش کیا، اس عمر کا اونٹ تو نہ ملا لیکن اس سے زائد عمر کا مل گیا۔ آپ ﷺ نے فرمایا: یہی دے دو۔ اس آدمی نے کہا: آپ نے میرا حق پورا دے دیا، اللہ آپ کو بھی پورا دے۔ حضرت نبی کریم ﷺ نے فرمایا: تم میں سب سے بہتر شخص وہ ہے جو قرض کو اچھے طور پر ادا کرے۔[بخاری ]

بھلائی کی امید ہو اور شر کا خوف نہ ہو

حضرت ابوہریرہؓسے روایت ہے، رسول اللہ ﷺ ایک مرتبہ چند بیٹھے ہوئے لوگوں کے پاس آ کر کھڑے ہوئے اور فرمایا: کیا میں تمھیں اچھوں اور بروں کے متعلق نہ بتاؤں؟ وہ لوگ خاموش رہے تو آپ ﷺ نے یہی سوال تین مرتبہ دہرایا۔ ایک شخص نے عرض کیا: جی ہاں، اے اللہ کے رسول! ہمیں برے بھلے کی خبر دیجیے۔ آپ ﷺنے فرمایا: تم میں سے بہتر وہ ہے جس سے لوگ بھلائی کی امید رکھیں اور اس کے شر سے بےخوف ہوں، جب کہ بدترین شخص وہ ہے جس سے نیکی کی کوئی امید نہ ہو اور اس کے شر سے لوگ محفوظ نہ ہوں۔[ترمذی] فی زمانہ اول الذکر کم اور آخرالذکر زیادہ ہوتے جارہے ہیں۔

ایک دوسرے کے حقوق ادا کرنا

حضرت عوف بن مالکؓسے روایت ہے، حضرت نبی کریم ﷺ نے فرمایا: تمھارے حاکموں میں سے بہتر وہ ہیں جن سے تم محبت کرتے ہو اور وہ تم سے محبت کرتے ہوں اور وہ تمھارے لیے دعاے مغفرت کرتے ہیں اور تم ان کے لیے دعاے مغفرت کرتے ہو، اور تمھارے حاکموں میں سے برے وہ ہیں جن سے تم دشمنی رکھتے ہو اور وہ تم سے بغض رکھتے ہیں، تم ان پر لعنت کرتے ہو و اور وہ تم پر لعنت کرتے ہیں۔ عرض کیا گیا: اے اللہ کے رسول ﷺ! کیا ہم انھیں تلوار کے ساتھ قتل نہ کردیں؟ آپ ﷺ نے فرمایا: نہیں جب تک وہ تم میں نماز قایم کرتے رہیں۔ اور جب تم اپنے حاکموں میں کوئی ایسی چیز دیکھو جسے تم ناپسند کرتے ہو تو اس کے اس عمل کو ناپسند کرو، اور اطاعت و فرمان برداری سے ہاتھ مت کھینچو۔[مسلم]

آزمائش کے وقت توبہ کرنے والا

حضرت علیؓسے روایت ہے، حضرت نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا: تم میں سے بہترین شخص وہ ہے جو ہر آزمائش میں مبتلا ہونے کے وقت توبہ کرے (یعنی جب کسی آزمائش اور فتنے میں مبتلا ہو تو توبہ کرے)۔ عرض کیا گیا: اگر وہ دوبارہ گناہ کرے؟آپ ﷺ نے فرمایا: اسے چاہیے کہ اللہ تعالیٰ سے استغفار اور توبہ کرے۔ عرض کیا گیا: اگر وہ دوبارہ گناہ کرے؟ آپﷺ نے فرمایا: اسے اللہ تعالیٰ سے استغفار اور توبہ کرنی چاہیے۔ عرض کیا گیا: کب تک؟ آپﷺ نے فرمایا: جب تک شیطان تھک نہ جائے۔[کنزالعمال]

خشوع کی فضیلت

حضرت سفیان بن عیینہ فرماتے ہیں: سب سے بڑا جاہل وہ ہے جو اس چیز کو ترک کردے جس کا اسے علم ہو، اور سب سے بڑا عالم وہ ہے جو اس چیز پر عمل کرے جس کا اسے علم ہو، اور لوگوں میں سب سے زیادہ افضل وہ ہے جو اللہ سب سے زیادہ ڈرتا ہو۔[دارمی]

قرآن سیکھنا اور سکھانا

حضرت عثمان بن عفانؓسے روایت ہے، حضرت نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا: تم میں سب سے بہتر وہ شخص ہے جو قرآن سیکھے اور سکھائے۔[بخاری ]

نماز میں مونڈھے نرم رکھنے والا

حضرت ابن عباسؓسے روایت ہے، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تم میں سے بہترین وہ لوگ ہیں جن کے مونڈھے نماز میں نرم رہتے ہیں۔ [ابوداود ]

[کالم نگار الفلاح انٹرنیشنل فاؤنڈیشن کے صدر و مفتی ہیں]

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here