مفتی سعید الرحمن فاروقی کے ہاتھوں مفتی ندیم احمد انصاری کی نئی کتاب ’سردی، گرمی، برسات اور اسلامی ہدایات‘ کی رسمِ اجرا عمل میں آئی

مومن کے لیے سب سے اہم اللہ تعالیٰ کی رضامندی ہے۔ غمی ہو یا خوشی ہر حال میں مسلمان اللہ تعالیٰ کے احکام کا پابند ہے۔ مختلف موسموں میں جو شرعی مسائل مومن کو پیش آتے ہیں اور اس کے متعلق قرآن و حدیث میں جو تعلیمات پیش کی گئی ہیں، انھیں موضوع بنا کر الفلاح انٹرنیشنل فاؤنڈیشن، ممبئی کے جواں سال محقق حضرت مفتی ندیم احمد انصاری نے ایک تحقیقی مقالہ تصنیف کیا ہے۔ ان کی اب تک تقریباً چالیس کتاب طبع ہو کر منظرِ عام پر آچکی ہیں، حال ہی میں انھوں نے یہ اہم اور گراں قدر تحقیقی کام بہ طور سندی مقالہ ملک کے صفِ اول کے بافیض عالمِ دین حضرت مولانا مفتی احمد خانپوی دامت برکاتہم (شیخ الحدیث و سابق صدر مفتی جامعہ اسلامیہ تعلیم الدین، ڈابھیل) کی نگرانی میں مکمل کیا ہے۔منفرد موضوع پر یہ ایک مبسوط مقالہ ہے، جو قرآن و حدیث اور آثارِ صحابہؓ اور فقہ و فتاویٰ کی اہم کتابوں کے حوالوں سے مزین ہے۔

گذشتہ دنوں جب یہ مقالہ کتابی صورت میں طبع ہو کر آیا تو اس کی رسمِ اجرا دارالعلوم امدادیہ، ممبئی کے صدر مفتی و استاذِ حدیث حضرت مفتی سعید الرحمن فاروقی کے ہاتھوں عمل میں آئی۔ انھوں نے مفتی ندیم احمد انصاری صاحب کی علمی، دینی، تحقیقی کاوشوں پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے مخصوص انداز میں انھیں خوب دعاؤں سے نوازا اور قدر کا اظہار کیا۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ حضرت مفتی ندیم احمد انصاری صاحب کو ہر قسم کے شرور و فتن سے محفوظ رکھے اور ان سے بیش از بیش دینی علمی خدمات لیتا رہے۔ (آمین)

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here