ائمۂ کرام فرض نمازوں میں قنوتِ نازلہ کا اہتمام کریں

پورے عالَم میں مسلمانوں کے ساتھ جو حالات بنے ہوئے ہیں، اس کے بعد سب سے پہلے تو ہر شخص اپنے رب سے سچّی توبہ کرے‘ ان گناہوں کے لیے بھی جو اسے یاد ہیں، اور ان گناہوں کے لیے بھی‘ جو یاد نہیں۔ اسی کے ساتھ ائمۂ کرام فرض نمازوں میں ’قنوتِ نازلہ‘ کا خصوصی اہتمام کریں۔ یہ باتیں الفلاح اسلامک فاؤنڈیشن، انڈیا کے ڈیریکٹرمولانا ندیم احمد انصاری حفظہ اللہ نے ایک پریس ریلیز میں کہیں۔ انھوں نے کہا اللہ تبارک و تعالیٰ کی مدد حاصل کرنے کا یہ ایک مسنون طریقہ ہے، اس جانب توجہ دی جانی چاہیے۔مولانا ندیم احمد انصاری نے تمام مسالک کے ائمۂ کرام سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنے اپنے مسلک کے مطابق ہی سہی، نمازوں میں قنوتِ نازلہ کا اہتمام کریں اور خطبات و خطابات میں عوام کو زیادہ سے زیادہ گناہوں سے توبہ اور صدقہ و خیرات کی ترغیب دیتے رہیں اور مظلومین کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔
مولانا ندیم احمد انصاری صاحب نے کہا کہ جب مسلمانوں پر کوئی عام اور عالم گیر مصیبت نازل ہو تی تو رحمۃ للعالمین ﷺ اور صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم اجمعین ‘ فرض نمازوں میں قنوتِ نازلہ پڑھا کرتے تھے اور جب تک وہ مصیبت دفع نہ ہو جاتی ‘ یہ عمل برابر جاری رہتا تھا۔بخاری شریف میں حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے،اللہ کے نبی ﷺ نے ایک مہینے تک نمازِ فجر میں قنوت پڑھی، جس میں آپ نے عرب کے بعض قبیلوں؛ رِعْل، ذکوان، عُصَیَّہ اور بنی لِحیان کے خلاف بددعا فرمائی۔ انھوں نے مزید کہا کہ قنوتِ نازلہ کا جواز عموماً جمہور ائمہ اور خصوصاً حنفیہ کے نزدیک باقی ہے اور منسوخ نہیں ہے۔جب بھی کوئی عام مصیبت پیش آئے تو مصیبت کے زمانے تک قنوتِ نازلہ پڑھتے رہنا چاہیے۔مولانا انصاری نے یہ بھی کہا کہ قنوتِ نازلہ پڑھنے کے ساتھ ساتھ توبہ و استغفار کی کثرت، ظلم و زیادتی اور فسق و فجور اور ہر قسم کے گناہوں سے پرہیز کیا جانا بہت ضروری ہے۔ انھوں نے تلقین کی کہ مسلمان حقوق العباد کی ادایگی کا پورا لحاظ رکھیں، آپس میں محبت و ہم دردی اور اتفاق و اتحاد کے ساتھ رہیں۔ لہو و لعب سے پرہیز کریں اور خدائے بزرگ و برتر سے الحاح و زاری کے ساتھ مناجات و دعا کرتے رہیں۔ اخلاقِ حسنہ پر عمل کی کوشش کرتے رہیں اور ہر قسم کی منکرات و برائی سے بچیں۔اللہ تعالیٰ کی رحمتِ کاملہ سے قوی امید ہے کہ وہ اپنے بندوں کی اخلاص سے پُر دعائیں قبول فرمائے گا اور ان کے ساتھ رحمت کا معاملہ فرمائے گا۔ان شاء اللہ

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here