ندیم احمد انصاری
رسول اللہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم جس زمانے ، علاقے اور معاشرے میں تشریف لائے ‘ وہاں عورتوں سے حسنِ سلوک تو دور کی بات ہے ، ان کی انسانی حیثیت بھی موضوعِ بحث بنی ہوئی تھی، آپ نے اس ماحول و معاشرے میں عورت کو عدل و انصاف کے ساتھ وہ تمام حقوق عنایت فرمائے ‘ جس کی وہ متمنّی و مستحق تھی۔آپ نے خود بھی ہمیشہ صنفِ نازک کے ساتھ حسنِ سلوک کا معاملہ کیا اور دوسروں کو بھی اس جانب توجہ دلائی، یہاں تک کہ دنیا سے رخصت ہوتے ہوئے بھی آپ کو لوگوں کی طرف سے اس جانب بے اعتدالی کا خوف ستاتا رہا۔آپ نے کس طرح اور کس درجے اس کمزور طبقے کے ساتھ حسنِ سلوک کا معاملہ کیا، اس کی حقیقت کو سمجھنے کے لیے ضروری ہے کہ اولاً آپ کی بعثت سے قبل معاشرے میں ان کی حالت پر ایک نظر ڈال لی جائے ۔
رحمۃ للعالمینؐکی آمد سے قبل عورتوں کی حالت نہایت خراب تھی، موروث کے متروکے میں سے ان کو کچھ نہیں ملتا تھا، لڑائیوں میں مفتوحہ قبیلے کی عورتیں عین میدانِ جنگ میں فاتحین کے تصرف میں آجاتیں، طلاق کے لیے کوئی مدت اور عدت نہ تھی‘ یعنی جب تک شوہر چاہے عورت نہ شوہر کے پاس رہ سکتی تھی، نہ کسی اور سے شادی کر سکتی تھی،عورت کا جو مہر مقرر ہوتا وہ باپ کو ملتا، عورت کو اس سے سروکار نہ ہوتا۔باپ مر جاتا تو اس کی کُل بیویاں(بجز حقیقی ماں کے) تصرف میں آتیں یعنی عورت بیوہ ہونے کے بعد اپنے شوہر کے وارثوں کی مِلک سمجھی جاتی، وہ اگر آکر بیوہ پر چادر ڈال دیتا تو وہ اس کی جائز مدخولہ بن جاتی۔ عورت جب بیوہ ہو جاتی تو اسے گھر سے باہر ایک نہایت تنگ کوٹھری رہنے کو اور خراب سے خراب کپڑے پہننے کو دیے جاتے ، خوش بو وغیرہ قسم کی کوئی چیز استعمال نہ کر سکتی، اس حالت کے ساتھ جب پورا سال گزر جاتا تو ایک بکری یا گدھا لاتے ‘ اس سے وہ اپنے جسم کو مس کرتی، پھر کوٹھری سے باہر نکلتی اور اس کے ہاتھ میں مینگنی دی جاتی، وہ مینگنی کو پھینک دیتی، اس وقت سوگ سے نکل آتی اور قدیم حالت قائم ہوتی۔غرض مجموعی حیثیت سے عورت بد ترین مخلوق اور ہر قسم کے جبر و تعدی کا تختہ گاہِ مشق تھی، نوبت یہاں تک پہنچی کہ جس گھر میں لڑکی پیدا ہوتی، اس کو سخت رنج ہوتا اور شرم کے مارے لوگوںمیں چھپتا پھرتا،رفتہ رفتہ دختر کشی کی رسم جاری ہو گئی، لڑکی پیدا ہوتی تو اس کو میدان میں لے جا کر گڑھا کھودتے اور اس میں اسے زندہ گاڑ دیتے ۔ ایک صاحب نے آں حضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں آکر ظاہر کیا تھا کہ انھوں نے اسلام سے قبل اپنے ہاتھ سے آٹھ لڑکیاں زندہ دفن کی تھیں۔(سیرۃ النبی ملخصاً بترمیم) ایسے معاشرے کی اصلاح رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے قول وفعل سے کی اور حجۃ الوداع کے موقع پر عورتوں کے حقوق کی تاکید کرتے ہوئے ارشاد فرمایا:غور سے سن لو، میں تمھیں عورتوں کے حق میں بھلائی کی نصیحت کرتا ہوں!(ترمذی)
بحیثیت بیٹا
آج خود فیمنسٹ(Femenist) اور عورتوں کے حقوق کے لیے آواز اٹھانے والوں کے گھروں میں ان کی حقیقی ماں کی آواز دبا دی جاتی ہے اور ان کو سر ڈھکنے کے لیے چھت تک نصیب نہیں ہوتی،جب کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے متبعین کو یہ تعلیم دی کہ جنت ماں کے قدموں کے نیچے ہے ۔ (ابن ماجہ)بلکہ آپ نے فرمایا :انسان کے حسنِ سلوک کی سب سے زیادہ مستحق اُس کی ماں ہے ۔(بخاری)رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی حقیقی والدہ کو تو زیادہ دن جینا نصیب نہیں ہوا، آپ چھ سال کے تھے کہ آمنہ خاتون نے اپنے خسر عبد المطلب سے چند روز کے لیے اپنے میکے قبیلۂ بنی نجار میں جانے کی اجازت لی اور ام ایمن کو مع آپ کے ‘ ساتھ لے کر مدنیے پہنچیں۔وہ مدینے میں ایک ماہ ٹھہر کر مکّے واپس ہورہی تھیں کہ راستے میں موضع ’ودّان‘ کے قریب ’ابوا‘ مقام میں راہیِ ملکِ بقا ہو کر وہیں مدفون ہوئیں اور سیدنا محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو آپ کی دایہ امِ ایمن مکّے لے کر آئیں۔اس طرح آپ کو والدین کے کنارِ عاطفت میں‘ جو بچپن کے لیے ایک بڑی نعمت ہے ، تربیت پانے کا اتفاق نہ ہوا۔(تاریخِ اسلام عاشقی ملخصاًبترمیم) یہی وجہ ہے کہ ان کے ساتھ آپ کے واقعات دست یاب نہیں، البتہ آپ کی رضاعی مائیں متعدد ہیں اور آپ ان سب سے الفت و محبت اور احترام سے پیش آتے تھے ،خصوصاًحضرت حلیمہؓ کے ساتھ آں حضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو بے انتہا محبت تھی، عہدِ نبوت میں جب وہ آپ کے پاس آئیں تو آپ ’میری ماں، میری ماں‘ کہہ کر ان سے لپٹ گئے ۔ (سیرۃ النبی) ثُوِیبہ کے لیے آپ خود مدینہ طیبہ سے مکہ مکرمہ میں حُلّے اور کپڑے بھیجا کرتے تھے ، یہاں تک کہ وہ خیبر کے بعد فوت ہو گئیں۔(مدارج النبوۃ)
بحیثیت بھائی
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اپنے والدین کی تنہا اولاد تھے ، اس کے باوجود آپ نے بھائی بہن کے رشتے کی حقیقت کو خوب سمجھا اور اس پر لوگوں کو خوب توجہ دلائی، آپ نے ارشاد فرمایا: جس شخص کے تین بیٹیاں یا تین بہنیں ہوں اور وہ ان کے ساتھ حسنِ سلوک کرتا رہے ، وہ جنت کا حق دار ہوگا۔ (ترمذی) غزوۂ حنین میں حضرتِ شیمارضی اللہ عنہا‘آپ کی رضاعی بہن قید ہو کر آئیں، آپ نے جب انھیں پہچان لیاتو فرطِ محبت سے آپ کی آنکھوں میں آنسو بھر آئے ، اُن کے بیٹھنے کے لیے خود مبارک چادر بچھائی، محبت کی باتیں کیں، چند شتُر اور بکریاں عنایت فرمائیں اور ارشاد فرمایا کہ جی چاہے تو میرے گھر چل کر رہو اور اپنے گھر جانا چاہو تو وہاں پہنچا دیا جائے ۔ انھوں نے خاندان کی محبت کی وجہ سے وطن جانا چاہا، چناں چہ عزت و احترام کے ساتھ وہاں پہنچا دی گئیں۔ (سیرۃ النبی بترمیم)یہی نہیں بلکہ ان کی رعایت میں اس موقع پر قید ہو کر آئے چھ ہزار قیدیوں کو بھی آپ نے نہ صرف رہا کر دیا بلکہ ان کے اموال بھی لوٹا دیے ۔
بحیثیت شوہر
میاں بیوی کا رشتہ تو بڑا ضروی اور بڑا ہی عجیب ہوتاہے کہ اکثر لوگ اس بابت افراط و تفریط میں مبتلا ہو جاتے ہیں، بعض بیوی کو پاؤں کی جوتی سمجھتے ہیں تو بعض چیڑی کے غلام بنے نظر آتے ہیں، رحمۃ للعالمینؐنے اس سے متعلق بھی حکیمانہ اعتدال کی تعلیم دی ہے ۔آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: شوہر کے ذمے عورت کے یہ حقوق ہیںکہ جو خود کھائے وہی اپنی بیوی کو کھلائے ،اپنے لیے کپڑے بنائے تو اس کے لیے بھی بنائے ،اس کے چہرے پر نہ مارے ، اسے بُرا بھلا نہ کہے اور اسے بلا وجہ کہیں اکیلا نہ چھوڑے ، مگر یہ کہ گھر میں ۔(مسند احمد) آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنی بیویوں کی سہولت کی خاطر اپنے بہت سے از خود انجام دے لیا کرتے تھے ، جیسا کہ حضرت عائشہؓفرماتی ہیں کہ آپ اپنے سر سے جوئیں نکال لیتے ، بکری کا دودھ دوہ لیتے ، اپنے کپڑے سی لیتے ،اپنے جوتے سی لیتے اور وہ اپنے بہت سے کام خود کر لیا کرتے تھے ۔آپ اپنے گھر میں کاموں میں لگے ہوتے ، جب نماز کا وقت ہوتا تو سب چھوڑ کر چلے جاتے ۔(ترمذی)آپ فرماتے تھے کہ عورتیں،شریف شوہروں پر غالب آجاتی ہیں اور کمینے شوہربیویوں پر غالب آجاتے ہیں،میں پسند کرتا ہوں کے شریف وکریم رہوں(چاہے)مغلوب رہوںاور میں اسے پسند نہیں کرتا کہ کمینہ اور بد اخلاق ہوکر ان پر غالب آجاؤں۔(روح المعانی) نیز آپ نے فرمایا:تم میں سب سے بہتر شخص وہ ہے ،جو اپنی بیوی سے اچھا سلوک کرتا ہواور میں تم سب سے زیادہ اپنی بیویوں کے ساتھ حسنِ سلوک کرتا ہوں۔ (ترمذی)بلکہ آپ نے اسے ایمان کے کامل ہونے کی نشانی قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ مومنوں میں سب سے کامل ایمان والا وہ ہے ،جو اخلاق میں بہتر ہو،اور تم میں بہتر لوگ وہ ہیں،جو اپنی بیویوں کے لیے بہتر ہوں۔(ترمذی)
بحیثیت والد
زمانۂ جاہلیت میں مشرکین عورت کو کسی رتبے اور مقام کا اہل نہ سمجھتے تھے اس لیے وہ لڑکی پیدا ہونے پر غضب ناک ہوتے ، حالاں کہ وہ بھی یہ جانتے تھے کہ نظامِ کائنات کے تحت شادیوں کے لیے لڑکی کی پیدائش ضروری ہے ۔ایسے معاشرے میں جہاں بیٹی کی پیدائش کو ذلت و رسوائی تصور کیا جاتا تھا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے بیٹی کو احترام و عزت کا مقام عطا کیا۔آپ نے ارشاد فرمایا: جس شخص کے تین بیٹیاں ہوں اور وہ ان کی بہتر پرورش کرے ، اور انھیں اپنی حیثیت کے مطابق پہنائے ، تو یہ لڑکیاں اس کے لیے آگ سے حجاب ہوں گی۔(ابن ماجہ)ایک موقع پر فرمایا: جس شخص کے تین بیٹیاں ہوں، جن کے رہنے سہنے کا وہ انتظام کرتا ہو اور اُن کی تمام ضرورتیں پوری کرتا ہو اور اُن سے شفقت کا برتاؤ کرتا ہو تو یقیناً اس کے لیے جنت واجب ہو گئی۔ ایک شخص نے پوچھا: اگر دو ہی(بیٹیاں) ہوں تو؟ آپ نے فرمایا: خواہ دو ہی ہوں (ان سے حسنِ سلوک پر بھی یہی خوش خبری ہے )۔(ادب المفرد)
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اپنی بیٹیوں‘ خصوصاً حضرت فاطمہؓ سے بہت زیادہ محبت رکھتے تھے ، شاید یہی وجہ ہے کہ ان میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے عادات و اطوار کی جھلک نمایاں تھی، جیسا کہ حضرت عائشہؓکہتی ہیں کہ ایک روز حضرت فاطمہؓ آئیں، ان کی چال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی چال کی طرح تھی۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: بیٹی خوش آمدید! اس کے بعد آپ نے ان کو اپنی داہنی طرف یا اپنی بائیں طرف بٹھا لیا، پھر آہستہ سے کوئی بات کہی، تو وہ رونے لگیں۔ میں نے ان سے پوچھا: تم روتی کیوں ہو ؟ پھر ایک بات ان سے آپ نے آہستہ سے کہی تو وہ ہنسنے لگیں، میں نے کہا: آج کی طرح میں نے خوشی کو رنج سے اس قدر قریب نہیں دیکھا۔ میں نے دریافت کیا:حضور نے کیا فرمایا ؟ حضرت فاطمہؓ نے کہا: میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے راز کو افشا کرنا پسند نہیں کرتیں۔ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی وفات ہوگئی تو میں نے حضرت فاطمہؓسے پوچھا تو انھوں نے کہا: آپ نے پہلی مرتبہ مجھ سے فرمایا تھا کہ جبرئیل علیہ السلام ہر سال مجھ سے ایک بار قرآن کا دَور کیا کرتے تھے ، اس سال انھوں نے مجھ سے دو بار دور کیا ہے ، اس سے میرا خیال ہے کہ میری موت کا وقت قریب آگیا اور تم میرے تمام گھر والوں میں سب سے پہلے مجھ سے ملو گی تو یہ سن کر میں رونے لگی، پھر دوسری مرتبہ فرمایا کیا تم اس بات پر راضی نہیں ہو کہ تمام جنتی عورتوں کی یا تمام مومنات کی سردار ہوںگی، اس وجہ سے مجھے ہنسی آگئی۔(بخاری) اس حدیث سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا اپنی صاحب زادی سے اور ان کا اپنے والد سے تعلقِ خاطر کا خوب اندازہ کیا جا سکتا ہے ۔
٭٭٭٭