عمرہ و زیارت:قرآن و سنت اور فقہ و فتاویٰ کی روشنی میں
اپنے موضوع پر ایک مدلّل مفصّل اور منفرد کتاب
کتاب: عمرہ و زیارت قرآن و سنت اور فقہ و فتاویٰ کی روشنی میں
تصنیف: مفتی ندیم احمد انصاری
صفحات:288
قیمت: 400 روپے
ناشر: الفلاح انٹرنیشنل فاؤنڈیشن
مبصر: مفتی ابوالکلام مظاہری
نحمدہ و نصلی علی رسولہ الکریم، أما بعد:
﴿وَأَتِمُّوا الْحَجَّ وَالْعُمْرَةَ لِلهِ﴾[البقرۃ:196]
حج اور عمرے کو اللہ کے لیے پورا کرو۔
عمرہ بھی حج کی طرح ایک عاشقانہ سفر ہے، چاہے سفرِ حج ہو یا عمرہ پہلی مرتبہ جو کیفیت بندے پر طاری ہوتی ہے وہ زبان سے بیان نہیں کی جا سکتی۔ یہی تڑپ اس بندے کو مکہ مدینہ حج اور عمرے کا بار بار شوق دلاتی رہتی ہے اور جو صاحبِ استطاعت ہیں وہ بار بار حرمین کا سفر کرتے ہیں۔ زندگی میں ایک بار عمرہ ادا لر لینا چاہیے اور جمہور علما کے نزدیک کثرت سے عمرہ کرنا مستحب ہے۔ عمرے کے لیے وقت اور سال کی تحدید تو نہیں البتہ پانچ ایامِ حج -نویں ذی الحجہ سے لے کر تیرہ ذی الحجہ-کے علاوہ عمرہ کبھی بھی کیا جا سکتا ہے، البتہ رمضان المبارک میں عمرہ ایک خاص فضیلت کا حامل ہے۔ بخاری شریف کی روایت کے مطابق رمضان میں عمرہ کرنا نبی علیہ السلام کے ساتھ حج کرنے کے کے ثواب کے برابر ہے۔ اسی طرح صحیحین کی روایت میں ہے کہ ایک عمرے کے بعد دوسرا عمرہ کرنا درمیان کی خطاؤں کے لیے کفارہ ہے اور حجِ مبرور کا ثواب جنت کے سوا کچھ نہیں۔
پیشِ نظر کتاب عمرہ و زیارت جو ہمارے مخلص دوست حضرت مفتی ندیم احمد صاحب دامت برکاتہم نے تصنیف کی ہے، اس کے دو حصے ہیں؛ پہلے حصے میں عمرہ اور دوسرے حصے میں زیارتِ مدینہ کا مفصل بیان ہے، جو نہایت ہی پُرمغز، مفید اور مستند ہے۔ چھیاسٹھ (۶۶)کتابوں کے حوالوں نے اس کتاب کی اہمیت و وقار کو مزید بڑھا دیا ہے۔ اس طرح یہ کتاب اپنے موضوع پر ایک مدلّل، مفصل اور منفرد کتاب بن گئی ہے۔ حضرت مفتی صاحب ایک باصلاحیت اور قلم کار شخصیت کے حامل ہیں، جو تقریباً چالیس کتابوں کے مصنف ہیں، ان کی تمام ہی کتابیں مستند اور مدلّل ہیں، جو اہلِ علم اور عوام دونوں کے لیے باعثِ اطمینان اور نہایت ہی قابلِ استفادہ ہیں۔
حضرت مفتی ندیم احمد صاحب کی یہ کتاب ایک خاص پس منظر میں وجود میں آئی اور وہ ہے ان کا عمرے کا سفر۔ جب مفتی صاحب نے عمرے کا ارادہ کیا تو خود اپنی تیاری کرتے کرتے پوری امت کو تیاری کرنے کا شوق دلا دیا اور وہ بھی ایسی تیاری جو کافی بھی ہے اور قابلِ اطمینان بھی۔ مناسک پر خصوصاً حج یا پھر حج و عمرہ دونوں پر مشتمل بہت سی کتابیں منظرِعام پر آچکی ہیں مگر حضرت مفتی صاحب نے مستقل الگ سے عمرہ و زیارت کے عنوان سے کتاب ترتیب دے کر امتِ مسلمہ کی دیرینہ تشنگی کو کسی قدر بجھا دیا ہے۔ انھوں نے اس میں قدیم و جدید مسائل کا بیان بہت خوب صورت انداز میں کیا ہے۔یہ کتاب قابلِ مطالعہ اور خصوصاً زائرین کے لیے نہایت ہی مفید ہے۔
حضرت مفتی صاحب کے عمرے میں جانے سے قبل ان کی رہائش گاہ پر ایک مختصر مگر جامع مجلس قایم ہوئی تھی، جس میں علماوغیرعلما سب شریک تھے، بہت سارے سوالات پوچھ رہے تھے، ان میں سے بعض اہلِ علم ہونے کے باوجود مفتی صاحب سے تصدیق کروا رہے تھے اور حضرت مفتی صاحب دلائل کی روشنی میں اور اپنی کتاب عمرہ و زیارت کے حوالے سے (کہ اس کتاب کے اندر اس کی یہ تفصیل موجود ہے) جوابات دیے جا رہے تھے، جس سے سب لطف اندوز ہو رہے تھے، پھر اسی نورانی مجلس کے چند دن بعد مفتی صاحب عمرہ کے سفر پر روانہ ہوئے۔
میری صمیمِ قلب سے دعا ہے کہ اللہ سبحانہ و تعالیٰ حضرت مفتی ندیم احمد صاحب کی تمام کاوشوں اور اس کاوش کو بھی قبول فرمائے اور عوام و خواص سب کے لیے نفع بخش بنائے، آمین۔
العبد ابوالکلام مظاہری
امام و خطیب شکر محلہ مرکز، نالاسوپارہ
۲۰؍شعبان المعظم ۱۴۴۶ھ
۱۹؍فروری ۲۰۲۵ء