دارالعلوم دیوبند کے اول صدر مدرس و شیخ الحدیث
حضرت مولانامحمد یعقوب نانوتویؒ کے مجموعۂ کلام ’بیاضِ یعقوبی‘ کی رسمِ اجرا
علماےدیوبند کی خدمات نوع بہ نوع ہیں۔ زبان و ادب میں بھی علماےدیوبند نے اَن مِٹ نقوش ثبت کیے ہیں۔ یہ سلسلہ سید الطائفہ حضرت حاجی امداداللہ مہاجرِ مکیؒ سے دراز ہو کر دورِحاضر تک پہنچتا ہے۔حضرت مولانا محمد قاسم نانوتویؒ کےمجموعۂ کلام ’قصائدِ قاسمی‘ پر تحقیق و تدوین کے بعد الفلاح انٹرنیشنل فاؤنڈیشن کے صدر و مفتی جناب مفتی ندیم احمد انصاری نے حال ہی میں حضرت مولانا محمد یعقوب صاحب نانوتویؒ کامجموعۂ کلام جدید تحقیقی اصولوںکے ساتھ مرتب و شایع کیا ہے، اس کے لیے وہ تمام اہلِ علم کی طرف سے شکریے کے مستحق ہیں۔
حضرت مولانا محمد یعقوب نانوتویؒ اپنی گوناگوں علمی و دینی خدمات کے ساتھ کبھی شاعری بھی فرما لیا کرتے تھے۔ وہ گمنامؔ تخلص کرتے تھے اور انھیں خود اپنی یہ افتادِ طبع کے سبب یہ اندیشہ تھا کہ ان کے بعد ان کا کلام گمنام نہ ہو جائے، اور ایسا ہی ہوا۔ موصوف تقریباً بیس سال دارالعلوم دیوبند کے صدرالمدسین و شیخ الحدیث رہے، لیکن دیوبند سے نسبت رکھنےیا فیض حاصل کرنے والے کسی چھوٹے بڑے کو اب تک یہ احساس نہیں ہوا کہ ایسی عظیم شخصیت کے کارناموں کو نسلِ نو کے سامنے لانا ایک فریضہ اور ذمّےداری ہے۔ شیخ الہند حضرت مولانا محمود حسن دیوبندیؒ، خاتم المحدثین حضرت مولانا خلیل احمد انبیھٹویؒ، مفتیِ اعظم حضرت مولانا عزیزالرحمن عثمانیؒ، حکیم الامت حضرت مولانا اشرف علی تھانویؒ ایسے اکابر و مشاہیر آپ کے حلقۂ تلامذہ میں شامل ہیں، لیکن اس عظیم المرتبت شخصیت کے کارناموں سے دنیا گویا ناواقف ہے۔
الفلاح انٹرنیشنل فاؤنڈیشن کے بانی و صدر مفتی ندیم احمد انصاری جواں سال لیکن محنت کوش محقق ہیں۔ دینی، علمی، ادبی مختلف موضوعات پر اب تک ان کی چالیس سے زائد کتابیں طبع ہو کر اہلِ علم سے دادوتحسین حاصل کر چکی ہیں اور سوا سو کے قریب چھوٹی بڑی کتابیں انٹرنیٹ پر دستیاب ہیں۔ مفتی صاحب دیگر علمی و فقہی خدمات کے ساتھ علماےدیوبند کی ادبی خدمات پر مستقل تحقیق کر رہے ہیں۔ حضرت مولانا محمد یعقوب نانوتویؒ کے مجموعۂ کلام ’بیاضِ یعقوبی‘ پر وہ ۲۰۱۹ء میں ہی کام مکمل کر چکے تھے، لیکن اسباب نہ ہونے کے سبب طباعت ممکن نہ ہو سکی۔ تقریباً پانچ سالوں کے مسلسل انتظار کے بعد اکتوبر ۲۰۲۴ء میں یہ کتاب منصۂ شہود پر آئی۔ اس کا اجرا دارالعلوم وقف دیوبند کے رکنِ شوریٰ اور مسلم پرسنل لا بورڈ کے رکن مولانا حافظ اقبال چوناوالا کے ہاتھوں ان کے مکان پر عمل میں آیا۔ اس موقع پر نھوں نے مفتی ندیم احمد صاحب کی محنتوں کو سراہا اور خوب دعاؤں سے نوازا۔دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کی تمام تصنیفات و تالیفات کو قبولیت سے نوازےاور شروروفتن سے محفوظ رکھے۔ آمین