مفتی ندیم احمد انصاری اب ڈاکٹر بھی ہو گئے

(ممبئی) معروف محقق، ادیب، شاعر، ماہرِ عروض، صحافی اور عالمِ دین مفتی ندیم احمد انصاری نے’’خواجہ عزیز الحسن مجذوب کی حیات و خدمات‘‘ کو موضوع بنا کر اپنا تحقیقی مقالہ کامیابی سے مکمل کر کے ممبئی یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی باوقار ڈگری حاصل کرلی۔ انھوں نے نومبر ۲۰۱۹ء میں پروفیسر صاحب علی مرحوم (سابق صدر شعبۂ اردو، ممبئی یونیورسٹی) کی نگرانی میں تحقیق کا آغاز کیا تھا، لیکن جنوری ۲۰۲۰ء میں موصوف کی وفات کے بعد ڈاکٹر رونق رئیس صاحبہ (سابق صدر شعبۂ اردو، بی این این کالج، بھیونڈی) کی رہنمائی میں تحقیق مکمل کی اور جون ۲۰۲۳ء میں اپنا مقالہ جمع کر دیا تھا، جس پر ۲۷؍ نومبر ۲۰۲۵ء بہ روز جمعرات آن لائن وائیوا(viva) میں انھیں ڈاکٹریٹ کی ڈگری سے نوازا گیا۔

ڈاکٹر ندیم احمد انصاری کا تحقیقی مقالہ اردو ادب کی اہم اور کم تحقیق شدہ شخصیات میں شمار ہونے والے صوفی شاعر خواجہ عزیز الحسن مجذوبؔ کی حیات، شخصیت، فکری جہات اور ادبی خدمات کا ہمہ گیر مطالعہ پیش کرتا ہے۔ اس تحقیق میں مجذوبؔ کی تصوف آمیز شاعری، فکری اساس، کلاسیکی روایت سے ربط، اور اردو ادب پر اُن کے اثرات کا جامع تجزیہ شامل ہے۔ مقالے میں ایسے مراجع اور ایسا دستاویزی مواد پیش کیا گیا ہے جو مجذوبؔ شناسی کے باب میں اہم اضافہ تصور کیا جائےگا۔

وائیوا کے چیئرپرسن ڈاکٹر عبداللہ امتیاز (صدر شعبۂ اردو، ممبئی یونیورسٹی)، ایکسٹرنل اکزامنر ڈاکٹر ارشاد (اورنگ آباد) اور یونیورسٹی کے متعلقہ شعبۂ اردو کے اساتذہ نے ڈاکٹر ندیم احمد انصاری کے مقالے کو علمی معیار، تحقیقی دیانت اور تنقیدی گہرائی کے اعتبار سے بے حد سراہا۔انھوں نے اعتراف کیا کہ یہ مقالہ لکھنے میں عرق ریز محنت کی گئی ہے۔ ان کے مطابق یہ تحقیق نہ صرف مجذوبؔ کو ان کا ادبی مقام دلانے میں مدد دے گی بلکہ اردو تحقیق کے دائرۂ کار کو بھی وسعت بخشے گی۔ مقالے کے ساتھ ڈاکٹر ندیم احمد انصاری کے پر اعتماد طریقے سے دیے گئے وائیوا کو بھی سب نے سراہا۔

ڈاکٹر ندیم احمد انصاری نے اس موقع پر اپنے والدین، اساتذہ اور رہنما کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی اُن تمام لوگوں کی دعاؤں اور تعاون کا نتیجہ ہے جنھوں نے ان کے علمی سفر میں قدم قدم پر رہنمائی اور معاونت کی۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ مستقبل میں وہ اردو ادب کے کم توجہ یافتہ گوشوں پر مزید منظم تحقیق کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

ادبی و دینی ہر دو حلقوں، اہلِ قلم اور محققین کی جانب سے ڈاکٹر ندیم احمد انصاری کو اس اہم کامیابی پر مبارک باد کا سلسلہ جاری ہے، اور امید ظاہر کی جارہی ہے کہ ان کی یہ کوشش اردو ادب میں مطالعاتِ مجذوبؔ کے باب میں سنگِ میل ثابت ہوگی۔

بتا دیں کہ مذہب و ادب کے مختلف موضوعات پر ڈاکٹر ندیم احمد انصاری کی اب تک چالیس سے زیادہ معیاری کتابیں اور ہزاروں مضامین شائع ہو چکے ہیں۔ وہ تین سالوں تک اسماعیل یوسف ڈگری کالج، جوگیشوری، ممبئی کے شعبۂ اردو میں لیکچرر بھی رہ چکے ہیں اور فی الحال الفلاح انٹرنیشنل فاؤنڈیشن، ممبئی کے شعبۂ اردو اور شعبۂ دینیات میں صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔

ادارہ
الفلاح انٹرنیشنل فاؤنڈیشن

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here