’اغلاط العوام‘ مرتبہ مولانا ندیم احمد انصاری کی حافظ اقبال چوناوالاکے ہاتھوں رونمائی

بروز سنیچر۲۵؍ جنوری۲۰۲۰ء کو جوگیشوری میں حضرت مولانا اشرف علی تھانوی رحمۃ اللہ علیہ کی ایک اہم تصنیف’اغلاط العوام‘(جدید محقَّق) کی حافظ اقبال چوناوالا (رکن مجلسِ مشاورت دارالعلوم وقف دیوبند) کے ہاتھوں رونمائی عمل میں آئی۔ یہ کتاب حضرت مولانا ندیم احمد انصاری (محقِّق و ڈیریکٹر الفلاح اسلامک فاؤنڈیشن، انڈیا) کی تحقیق اور جدید ترتیب کے ساتھ منظرِ عام پر آئی ہے ، جسے دارالحمد ریسرچ انسٹی ٹیوٹ، سورت نے شایع کیا ہے ۔ مولانا انصاری نے کتاب کا سو سالہ قدیم نسخہ تلاش کرکے اس پر تحقیق و تحشیے کا کام انجام دیا اور جدید تقاضوں کے مطابق کتاب کو ظاہری و معنوی ہر اعتبار سے بہتر بنانے کی کوشش کی ہے ۔ ان کے بیان کے مطابق انھیں کتاب کے اولین نسخے کی تلاش تھی اصل نسخہ تو نہیں مل سکا، لیکن ایک سو سالہ قدیم نسخہ مل گیا۔ بازار میں عام طور سے ’اغلاط العوام‘ کے نام سے جو کتاب ملتی ہے ، اس میں متعدد علماے کرام کے اضافے اس طرح شامل کر لیے گئے ہیں کہ یہ پتہ نہیں لگایا جا سکتا کہ کون سا مسئلہ کس عالمِ دین نے لکھا ہے ۔ حاصل شدہ نسخے میں بھی بعض اضافے موجود تھے ، لیکن وہ اصل کتاب سے علیحدہ بہ طور’ضمیمہ‘ شامل کیے گئے تھے۔ مولانا ندیم احمد انصاری نے صرف حضرت تھانویؒ کے افادات کو جدید ترتیب و تحقیق کے ساتھ پیش کیا اورتحریر و املا کے جدید اصولوں کو برت کر اصل متن تیار کر دیا ہے ۔ پوری کتاب کی کمپیوٹر کتابت کروائی گئی ہے اور جہاں ضروری معلوم ہوا وہاں حاشیے میں مختصر دلائل بھی ذکر کیے گئے ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here