رسائلِ ابنِ یامین: مستند دینی وفکری مضامین کا خوب صورت مجموعہ


نام کتاب : رسائلِ ابنِ یامین (دوجلدیں)
تصنیف : مولاناندیم احمد انصاری
قیمت : 800روپئے (کامل سیٹ)
صفحات :800 روپئے (مجموعی)
ناشر :الفلاح اسلامک فاؤنڈیشن، انڈیا
پیشِ نظر کتاب ’رسائل ابن یامین‘ عروس البلاد ممبئی کے ایک صالح، جواں سال عالمِ دین، صاحبِ قلم اور ذوقِ تحقیق سے آشنا جناب مولاناندیم احمد انصاری زیدمجدہم کے عالمانہ اور مستند دینی وفکری مضامین کا خوب صورت مجموعہ ہے، جس کے مشمولات ومندرجات دوجلدوں پر محیط ہیں۔ جلد اول میں دس مختلف عنوانات کے تحت علم وتحقیق کی بساط بچھائی گئی ہے،چناں چہ ’ایمان واسلام اور اس کے مابین فرق‘،’ وحدۃ الوجود کی حقیقت‘،’ختمِ قرآن کتنے دن میں؟‘ ’ نماز میں ہاتھ باندھنے کی صحیح جگہ‘،’تراویح وتہجد: دومختلف نمازیں‘،’ایامِ قربانی کی صحیح تعداد‘ اور ’التحقیق النجیح فی صلاۃ التسبیح‘ جیسے موضوعات کے حوالے سے سیرحاصل گفتگو کی گئی ہے۔جب کہ جلدثانی میں بیس ہرے بھرے اورسدابہار عنوانات پر علمی وتحقیقی مواد فراہم کیا گیا ہے۔ جلد مذکور کے موضوعات کچھ اس طرح ہیں؛’غلو فی الدین‘،’وضو کے بعد آسمان کی طرف انگشت سے اشارہ کرنا‘،’فرض نمازوں کے بعد کی دعا‘،’ شوال کے چھے نفلی روزے‘،’زمزم کے فضائل ومسائل‘،’برتھ ڈے کی شرعی حیثیت‘،’عیدین کے چند اعمال‘،’قربانی میں شرکت کے اہم مسائل‘،’ بغیر محرم کے سفرِ حج‘ اور ’ایام بیض کی تحقیق‘ وغیرہ وغیرہ۔
دونوں جلدیں چارچارسو صفحات پر پھیلی ہوئیں ہیں۔ مضامین مستند حوالوں سے مزین ہیں، زبان وبیان سبک اور سہل انداز میں ہے۔ حضرت مولانامفتی خالدسیف اللہ رحمانی، حضرت مولانامفتی احمد خان پوری، حضرت مولانا مفتی محمد اسلام قاسمی اور حضرت مولانامفتی محمودعالم رام پوری مدظلہم‘ جیسے اساطینِ فقہ وافتا نے اپنی تقریظات میں کتاب کی معنویت کا اعتراف کیا ہے، جس سے اس کی استنادی حیثیت کو چارچاند لگ گئے ہیں۔ کاغذ، کتابت، طباعت اور گیٹ اپ بھی بہت شان دار ہے۔ باذوق قارئین سے اس کے مطالعے کی سفارش کی جاتی ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here