ڈاکٹر مفتی ندیم احمد انصاری
قسط (۳)
حجامہ کا اثر وضو اور غسل پر
حضرت عائشہؓسے روایت ہے، رسول اللہ ﷺ چار چیزوں کی بنا پر غسل کیا کرتے تھے، ایک جنابت کی بنا پر، دوسرے جمعے کے لیے، تیسرے حجامہ کروا کر اور چوتھے میت کو نہلا کر۔عَنْ عَائِشَةَ، أَنَّهَا حَدَّثَتْهُ، ”أَنّ النَّبِيَّ ﷺ كَانَ يَغْتَسِلُ مِنْ أَرْبَعٍ: مِنَ الْجَنَابَةِ، وَيَوْمَ الْجُمُعَةِ، وَمِنَ الْحِجَامَةِ، وَمِنْ غُسْلِ الْمَيِّتِ”. [ابوداود ]
جنابت کے علاوہ مذکورہ بالا تین وجہوں سے غسل فرض نہیں ہوتا، تفصیل کا یہ موقع نہیں، ہمیں یہاں صرف حجامہ سے متعلق گفتگو کرنا مقصود ہے۔ ابوفاختہ کی روایت ہے،حضرت علیؓحجامہ کروانے کے بعد غسل کرنا مستحب سمجھتے تھے۔عن أبي فاختة،أن عليا كان يستحب أن يغتسل من الحجامة. [کنزالعمال]
حجامہ کے بعد غسل کا حکم صفائی ستھرائی کے لیے ہے گویا حجامہ کے بعد اس لیے نہا لینا چاہیے کہ اس کی وجہ سے جو خون وغیرہ لگ گیا ہو اس سے پاکی و صفائی حاصل ہوجائے۔ حضرت جابر فرماتے ہیں، میں نے حضرت قاسم، حضرت عامر اور حضرت طاوس سے پوچھا: کیا میں حجامہ کروانے کے بعد غسل کروں؟ انھوں نے کہا: نہیں۔ ابو جعفر نے فرمایا: صرف حجامہ کے نشانات دھو لو۔عَنْ جَابِرٍ، عَنْ سَالِمٍ، وَالْقَاسِمِ، وَعَامِرٍ، وَطَاوُوس ؛ قُلْتُ: أَغْتَسِلُ مِنَ الْحِجَامَۃِ ؟ قَالُوا : لاَ، قَالَ أَبُو جَعْفَرٍ : اغْسِلْ أَثَرَ الْمَحَاجِمِ.[مصنف ابن ابی شیبہ]
حضرت ابنِ عمرؓ حجامہ کروانے کے بعد حجامہ کی جگہ کو دھو لیا کرتے تھے۔عَنِ ابْنِ عُمَرَ : أَنَّہُ کَانَ إذَا احْتَجَمَ غَسَلَ أَثَرَ مَحَاجِمِہِ.[مصنف ابن ابی شیبہ] حضرت حسن اور حضرت محمد فرماتے ہیں: حجامہ کروانے کے بعد آدمی وضو کرلے اور حجامہ کی جگہ کو دھو لے۔عَنِ الْحَسَنِ وَمُحَمَّدٍ ، قَالَ : کَانَا یَقُولاَنِ؛ فِی الرَّجُلِ یَحْتَجِمُ : یَتَوَضَّأُ وَیَغْسِلُ أَثَرَ الْمَحَاجِمِ.[مصنف ابن ابی شیبہ]
حضرت ہشام فرماتے ہیں: میرے والد حضرت عروہ حجامہ کروانے کے بعد حجامہ کے نشانات کو دھو کر وضو کرتے اور نماز پڑھ لیتے تھے۔عَنْ ھِشَامِ بْنِ عُرْوَۃَ، عَنْ أَبِیہِ، قَالَ : کَانَ یَحْتَجِمُ فَیَغْسِلُ أَثَرَ الْمَحَاجِمِ، ثُمَّ یَتَوَضَّأَ وُضُوئَہُ لِلصَّلاَۃِ ، فَیُصَلِّی .[مصنف ابن ابی شیبہ]
حنفیہ کا مذہب یہی ہے کہ حجامہ کے ذریعے خون نکلنا نواقضِ وضو میں سے ہے۔ علامہ سرخسیؒنے کہا کہ ہمارے نزدیک حجامہ کے بعد وضو کرنا اور حجامہ کی جگہ کو دھونا واجب ہے، کیوںکہ ناپاک چیز کے نکلنے سے وضو واجب ہو جاتا ہے، پس اگر وضو کر لیا اور حجامہ کی جگہ کو نہیں دھویا تو اگر وہ درہم کی مقدار (ہتھیلی کی گہرائی) سے زیادہ ہو تو اس کی نماز جائز نہیں ہوگی، اور اگر اس سے کم ہو تو اس کی نماز صحیح ہو جائےگی۔ذَهَبَ الْحَنَفِيَّةُ إِلَى أَنَّ خُرُوجَ الدَّمِ بِالْحِجَامَةِ نَاقِضٌ مِنْ نَوَاقِضِ الْوُضُوءِ. قَالَ السَّرَخْسِيُّ: الْحِجَامَةُ تُوجِبُ الْوُضُوءَ وَغَسْلَ مَوْضِعِ الْمِحْجَمَةِ عِنْدَنَا، لأنَّ الْوُضُوءَ وَاجِبٌ بِخُرُوجِ النَّجَسِ، فَإِنْ تَوَضَّأَ وَلَمْ يَغْسِلْ مَوْضِعَ الْمِحْجَمَةِ، فَإِنْ كَانَ أَكْثَرَ مِنْ قَدْرِ الدِّرْهَمِ لَمْ تُجْزِهِ الصَّلاَةُ، وَإِنْ كَانَ دُونَ ذَلِكَ أَجْزَأَتْهُ. [الموسوعۃ الفقہیۃ الکویتیۃ]
روزے کی حالت میں حجامہ
حضرت ابنِ عباسؓسے روایت ہے، حضرت نبی کریم ﷺ نے حجامہ کروایا اور آپ روزے کی حالت میں تھے۔عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْھُما، قَالَ: “احْتَجَمَ النَّبِيُّ ﷺ وَهُوَ صَائِمٌ”. [بخاری]
حضرت ابوسعید خدریؓسے روایت ہے، رسول اللہ ﷺنے فرمایا: تین چیزوں سے روزہ نہیں ٹوٹتا: حجامہ، قے اور احتلام۔عَنْ أَبِي سَعِيدٍ الْخُدْرِيِّ، قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ ﷺ: ” ثَلَاثٌ لَا يُفْطِرْنَ الصَّائِمَ، الْحِجَامَةُ، وَالْقَيْءُ، وَالِاحْتِلَامُ “. [ترمذی]
زید بن اسلمؒکہتے ہیں، ایک صحابیؓسے روایت ہے، رسول اللہ ﷺنے فرمایا: جس کو قے ہوئی یا احتلام ہوا یا اس نے حجامہ کروایا ، اس کا روزہ نہیں ٹوٹا۔عَنْ زَيْدِ بْنِ أَسْلَمَ، عَنْ رَجُلٍ مِنْ أَصْحَابِهِ، عَنْ رَجُلٍ مِنْ أَصْحابِ النَّبِيِّ ﷺ، قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ ﷺ: “لَا يُفْطِرُ مَنْ قَاءَ وَلَا مَنِ احْتَلَمَ وَلَا مَنِ احْتَجَمَ”. [ابوداود]
روزے میں حجامہ کس کے لیے مکروہ ہے؟
’بخاری‘ میں ہے؛ثابت بنانی نے حضرت انس بن مالکؓسے پوچھا تھا: کیا آپ لوگ روزےدار کے لیے حجامہ کروانے کو مکروہ سمجھتے تھے؟ انھوں نے جواب دیا: نہیں، مگر کمزوری کے سبب اس کو برا سمجھتے تھے۔حَدَّثَنَا شُعْبَةُ ، قَالَ: سَمِعْتُ ثَابِتًا الْبُنَانِيَّ ، قَالَ: سُئِلَ أَنَسُ بْنُ مَالِكٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ، ”أَكُنْتُمْ تَكْرَهُونَ الْحِجَامَةَ لِلصَّائِمِ؟ قَالَ: لَا، إِلَّا مِنْ أَجْلِ الضَّعْفِ”، وَزَادَ شَبَابَةُ ، حَدَّثَنَا شُعْبَةُ ، عَلَى عَهْدِ النَّبِيِّ ﷺ. [بخاری، دیکھیے چار جلدوں پر مشتمل ہماری مفصل کتاب ’فقہِ رمضان‘]
’ابوداود‘ میں ہے؛ حضرت ثابت سے روایت ہے، حضرت انسؓکا بیان ہے کہ ہم روزےدار کو اس خیال سے حجامہ کروانے نہیں دیتے تھے کہ کہیں وہ کمزور نہ ہوجائے۔عَنْ ثَابِتٍ، قَالَ: قَالَ أَنَسٌ: “مَا كُنَّا نَدَعُ الْحِجَامَةَ لِلصَّائِمِ إِلَّا كَرَاهِيَةَ الْجَهْدِ”. [ابوداود ]
’فتاویٰ شامی‘ میں ہے: روزے میں ایسا کوئی بھی کام کرنا جس سے اس قدر کمزوری کا اندیشہ ہو کہ روزہ توڑنے کی نوبت آجائے، درست نہیں۔لا یجوز أن یعمل عملاً یصل بہ إلی الضعف. [الرد مع الدر]
’الموسوعۃ الفقہیۃ‘ میں ہے:حجامہ کروانا روزے دار کے لیے مکروہ ہے۔جمہور کا مذہب یہ ہے کہ حجامہ کرنے والے اور کرانے والے کا روزہ فاسد نہیں ہوتا، لیکن اسے عام طور پر مکروہ قرار دیا ہے۔حنفیہ نے کہا کہ اگر روزے دار کو اپنے نفس پر کمزوری کا اندیشہ نہ ہو تو اس میں کوئی حرج نہیں ہے اور اگر کمزوری کا اندیشہ ہو تو مکروہ ہوگا، اور شیخ الاسلامؒنے کراہت کے لیے یہ شرط لگائی ہے کہ ایسی کمزوری ہو جائے کہ جس کی وجہ سے روزہ توڑنے کی نوبت آجائے۔الْحِجَامَةُ، وَهِيَ أَيْضًا مِمَّا يُكْرَهُ لِلصَّائِمِ – فِي الْجُمْلَةِ – وَهِيَ اسْتِخْرَاجُ الدَّمِ الْمُحْقَنِ مِنَ الْجِسْمِ، مَصًّا أَوْ شَرْطًا. وَمَذْهَبُ الْجُمْهُورِ أَنَّهَا لاَ تُفْطِرُ الْحَاجِمَ وَلاَ الْمَحْجُومَ، وَلَكِنَّهُمْ كَرِهُوهَا بِوَجْهٍ عَامٍّ. وَقَالَ الْحَنَفِيَّةُ: لاَ بَأْسَ بِهَا، إِنْ أَمِنَ الصَّائِمُ عَلَى نَفْسِهِ الضَّعْفَ، أَمَّا إِذَا خَافَ الضَّعْفَ، فَإِنَّهَا تُكْرَهُ، وَشَرَطَ شَيْخُ الإسْلاَمِ الْكَرَاهَةَ، إِذَا كَانَتْ تُورِثُ ضَعْفًا يَحْتَاجُ مَعَهُ إِلَى الْفِطْرِ.[الموسوعۃ الفقہیۃ الکویتیۃ] بہتر یہی ہے کہ رمضان المبارک میں روزے کی حالت میں حجامہ نہ کروائے۔
حالتِ احرام میں حجامہ
حضرت ابنِ عباسؓسے روایت ہے، رسول اللہ ﷺ نے حجامہ کروایا اور آپ احرام میں تھے۔حَدَّثَنَا سُفْيَانُ ، قَالَ: قَالَ عَمْرٌو : أَوَّلُ شَيْءٍ سَمِعْتُ عَطَاءً ، يَقُولُ: سَمِعْتُ ابْنَ عَبَّاسٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْھُما، يَقُولُ: “احْتَجَمَ رَسُولُ اللَّهِ ﷺ وَهُوَ مُحْرِمٌ”.[بخاری]
حنفیہ کا مذہب یہی ہے کہ حجامہ کروانا احرام کے منافی نہیں ہے۔ علامہ ابنِ نجیم مصریؒنے تحریر فرمایا ہے؛ ان چیزوں میں سے جو محرم کے لیے مکروہ نہیں ہیں؛ بغیرخوشبو والا سرمہ لگانا، ختنہ کروانا، فصد کھولنا، دانت اکھاڑ نا، ٹوٹی ہوئی ہڈی کو درست کرنا اور حجامہ کروانا ہے۔اگر حجامہ میں بال نہ اکھاڑنا پڑے تو محرم کے لیے مکروہ نہیں ہوگا، لیکن اگر بال اکھاڑنا پڑے تو اگر حجامہ کروانے کی جگہ کا حلق کروائے اور حجامہ کروائے تو اس پر دم واجب ہو جائےگا، اور فصد کی جگہ پر پٹی باندھنا نقصان نہیں کرے گا۔ علامہ ابنِ عابدین شامیؒ فرماتے ہیں: اگرچہ ہاتھ پر پٹّی باندھنا لازم آئے، کیوں کہ ہم نے بیان کیا ہے کہ چہرے اور سر کے علاوہ جسم کے کسی حصے پر پٹی باندھنا اس کے لیے بغیر عذر کے مکروہ ہے۔ ذَهَبَ الْحَنَفِيَّةُ إِلَى أَنَّ الْحِجَامَةَ لاَ تُنَافِي الإحْرَامَ. قَالَ ابْنُ نُجَيْمٍ: وَمِمَّا لاَ يُكْرَهُ لَهُ أَيْضًا – أَيْ لِلْمُحْرِمِ – الاِكْتِحَالُ بِغَيْرِ الْمُطَيَّبِ وَأَنْ يَخْتَتِنَ وَيَفْتَصِدَ. وَيَقْلَعَ ضِرْسَهُ، وَيَجْبُرَ الْكَسْرَ، وَيَحْتَجِمَ. فَالْحِجَامَةُ إِذَا لَمْ يَتَرَتَّبْ عَلَيْهَا قَلْعُ الشَّعْرِ لاَ تُكْرَهُ لِلْمُحْرِمِ، أَمَّا إِذَا تَرَتَّبَ عَلَى ذَلِكَ قَلْعُ شَعْرٍ، فَإِنْ حَلَقَ مَحَاجِمَهُ وَاحْتَجَمَ فَيَجِبُ عَلَيْهِ دَمٌ. وَلاَ يَضُرُّ تَعْصِيبُ مَكَانِ الْفَصْدِ: يَقُولُ ابْنُ عَابِدِينَ: وَإِنْ لَزِمَ تَعْصِيبُ الْيَدِ لِمَا قَدَّمْنَاهُ مِنْ أَنَّ تَعْصِيبَ غَيْرِ الْوَجْهِ وَالرَّأْسِ إِنَّمَا يُكْرَهُ لَهُ بِغَيْرِ عُذْرٍ. [الموسوعۃ الفقہیۃ الکویتیۃ]
جاری۔۔۔






