(پریس رلیز) ہر سال کی طرح امسال بھی شہر ممبئی میں مولانا شاہد ناصری کی کاوشوں سے ادارہ دعوۃ السنۃ کے زیرِ اہتمام ممبئی کے حج ہاؤس میں دو روزہ مسابقۂ قرآن کا پروگرام بہ خیر و خوبی انجام پایا۔ ٢٩/ فروری ٢٠٢٠ء کو بعد نماز مغرب اس پروگرام کی آخری نشست تھی۔اس موقع پر الفلاح اسلامک فاؤنڈیشن، انڈیا کے فعّال ڈیریکٹر اور متعدد علمی، دینی، ادبی، تحقیقی کتابوں کے مصنف، شاعر و ادیب، صحافی و مضمون نگار جناب ندیم احمد انصاری صاحب کے صحافتی مضامین کے تین مجموعوں (١) رشحاتِ ندیم (٢) رشحاتِ ابنِ یامین (٣) دین و دنیا کی رسمِ اجرا عمل میں آئی۔ ان تین مجموعوں میں ندیم احمد انصاری صاحب کے ایک ہزار سے زائد علمی، دینی، سماجی اور سیاسی موضوعات پر لکھے گئے مضامین سے تقریباً ڈیڑھ سو مضامین منتخب کرکے شاملِ کتاب کیے گئے ہیں۔اس موقع پردارالعلوم وقف دیوبند کے رکنِ شوری جناب حافظ اقبال صاحب چونا والا کے ہاتھوں مولانا ندیم احمد انصاری صاحب کو شال پیش کرکےان کا اعزاز بھی کیا گیا۔ پروگرام کی صدارت سابق نائب ناظم امارت شرعیہ مولانا انیس الرحمن قاسمی نے کی، جب کہ مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے حج ہاؤس کے سی ای او ڈاکٹر مقصود احمد خان،انجمن اسلام کے صدر ڈاکٹر ظہیر قاضی، دارالعلوم امدادیہ کے صدر مفتی مولانا سعید الرحمان قاسمی اور جامع مسجد ممبئی کے دارالافتا کے مفتی اشفاق صاحب سمیت متعدد اہل علم و فضل اسٹیج پر موجود رہے۔