روزے میں [Endoscopy] انڈوسکوپی کروانا
سوال:حضرت مفتی ندیم احمد صاحب! کیا روزے کی حالت میں مرض کی جانچ کے لیے انڈوسکوپی کروا سکتے ہیں؟
الجواب:حامداً و مصلیاً و مسلماً:امراض کی شناخت کا ایک طریقہ انڈوسکو پی [Endoscopy] ہے ، یہ پیچھے کے راستے سے کیا جاتا ہے ، اور اس کے ذریعے پیٹ کے اندر اور پاخانے کے راستے کا معاینہ کیا جاتا ہے ، روزے کی حالت میں بھی یہ درست ہے ، کیوںکہ اس میں محض ایک پتلا پائپ ہوتا ہے ، اس پائپ میں چھوٹا سابلب لگاتے ہیں، اس پائپ کے ذریعے پیٹ کا پورا معاینہ کیا جاتا ہے، اس کے علاوہ کوئی اور دواوغیرہ اندر داخل نہیں کی جاتی، پھر پائپ نکال لیتے ہیں۔ اس کی نظیر کتبِ فقہ میں اس لکڑی اور اس جیسی دوسری چیز کی ملتی ہے جو پیچھے کے راستے میں داخل کی گئی ہو اور اس کا دوسرا کنارہ باہر ہو تو روزہ نہیں ٹوٹتا ، اور اگر پوری طرح اندر چھپ گئی کہ باہر کچھ بھی باقی نہیں رہا تو روزہ فاسد ہو گیا۔ فقط [ماخوذ از فقہِ رمضان]
واللہ تعالیٰ اعلم و علمہ أتم
العبد ندیم احمد عفی عنہ
صدرو مفتی الفلاح انٹرنیشنل فاؤنڈیشن، ممبئی






