Home Dept of Islamic Studies Articles حِجَامہ کرنے والا بہترین شخص ہے، وہ ایک سنت کو زندہ کرنے...

حِجَامہ کرنے والا بہترین شخص ہے، وہ ایک سنت کو زندہ کرنے والا ہے

ڈاکٹر مفتی ندیم احمد انصاری

قسط (۴)

حجامہ کی اجرت کےمتعلق مختلف احادیث وارد ہوئی ہیں ، بعض سےحجامہ پر اجرت لینےکی کراہت معلوم ہوتی ہےاوربعض سےجواز۔ اس کے جائز ہونے کی سب سے بڑی دلیل یہ ہے کہ حضرت نبی کریم ﷺ نے خود حجامہ کروایا اور اس پر اجرت دی، اگرحجامہ کی اجرت حلال نہ ہوتی توآپ ہرگز ایسا نہ کرتے۔ گویا منع والی جوروایت تھی وہ پہلےتھی، پھر منسوخ ہوگئی، اب حجامہ کی اجرت لی جا سکتی ہےاوروہ حلال ہے۔ صحاحِ ستہ اور دیگر کتبِ حدیث میں اکثر روایات حجامہ کی اجرت کے جواز پر دلالت کرتی ہیں ، اگر چہ بعض روایات میں ممانعت بھی وارد ہوئی ہے ، تاہم ممانعت والی روایات کا ایک جواب یہ دیا گیا کہ اجازت والی روایات کی وجہ سے ممانعت منسوخ ہوگئی، دوسرا یہ کہ یہ روایات زمانۂ جاہلیت والے طریقے کے بارے میں تھیں جس میں منہ سے خون چوسا جاتا تھا ۔ موجودہ دور میں حجامہ ایک طبّی فن کے طور پر متعارف ہوا ہے اور اس کے لیے ایسے جدید آلات میسر آچکے ہیں جن کے ذریعے نہایت صاف صفائی کے ساتھ یہ عمل انجام پاتا ہے، اس لیے اب حجامہ کی اجرت بلاکراہت جائز ہوگی اوراسے بہ طور پیشہ اختیار کرنے میں کوئی عیب نہیں۔رسول اللہ ﷺ نے حجامہ کرنے والے کو ’بہترین شخص‘ کہا ہے اور اس کے بغیر حجامہ کی سنت پر عمل دشوار ہے۔ابتدا میں یہ حدیث گزر چکی کہ ’’حجامہ کرنے والا بہترین شخص ہے، وہ خون نکال دیتا ہے اور کمر کو ہلکا نیز نگاہ کو تیز کرتا ہے‘‘۔[ابن ماجہ] ربیعہ بن ابو عبد الرحمٰن کہتے ہیں، حضرت عمرؓکے زمانے میں حجامہ کرنے والوں کا ایک بازار تھا (جہاں اجرت پر حجامہ کیا جاتا تھا)۔ [إعلاء السنن]

مختصر یہ کہ حجامہ کو بہ طور پیشہ اختیار کرنا اور اس پر اجرت لینا درست ہے ، ویسے بھی فی زماننا جب کہ حجامہ کو ترک کر دیا گیا ہے ، اگر کوئی باقاعدہ تربیت حاصل کر کے اس مسنون علاج کو رواج دینے کے لیے بہ طور پیشہ اختیار کرے تو ان شاءاللہ ثواب کی امید ہے۔

حجامہ پر اجرت کو ناپسند کیا گیا

حضرت ابو جُحیفہؓ سے روایت ہے، رسول اللہ ﷺنے زانیہ کی کمائی، حجام کی کمائی اور کتّے کی قیمت کو وصول کرنے سے منع فرمایا ہے۔ [مصنف ابن ابی شیبہ] حضرت رافع بن خَدیجؓسے روایت ہے، حضرت نبی کریم ﷺنے ارشاد فرمایا : حجامہ کرنے والے کی کمائی،زانیہ کی کمائی اور کتّے کی قیمت ناپاک ہے۔ [ایضاً]حضرت ابو جُحیفہؓنے ایک غلام خریدا جو حجامہ کرتا تھا، آپؓنے اس کے اوزار توڑ ڈالے اور فرمایا : آپ ﷺ نے خون کی کمائی سے منع فرمایا ہے۔ [ایضاً] حضرت حرام بن سعد بن مُحَیِّصہؓکے والد نے حضرت نبی کریم ﷺسے حجامہ کرنے والے کی کمائی کے متعلق دریافت کیا تو آپ ﷺ نے اس سے منع فرمایا، وہ مسلسل آپ سے کلام کرتے رہے، یہاں تک کہ آپ نے ارشاد فرمایا : اُن پیسوں سے اونٹ کو چارہ ڈال دو یا غلام کو کھلا دو۔[ایضاً] حضرت عثمان بن عفانؓفرماتے ہیں: مجھے حجّام اور حمّام کی اجرت اور کمائی پسند نہیں۔[ایضاً]

حجامہ کی اجرت کو ناپسند نہیں کیا گیا

حضرت سلیمانؓفرماتے ہیں کہ میں نے حضرت عکرمہؓسے عرض کیا: حجامہ کرنے والے کی کمائی کو کیوں ناپسند کیا گیا ہے؟ آپؓنے فرمایا : اس کو ناپسند نہیں کیا گیا۔[ایضاً] حضرت ابو قلابہؒفرماتے ہیں: اگر حجامہ کرنے والا خون نہیں چوستا تو میں اس کمائی میں کوئی حرج نہیں سمجھتا۔[ایضاً] حضرت زید بن اسامہؓفرماتے ہیں: میں نے حضرت سالمؓاور حضرت قاسمؓسے حجامہ کرنے والے کی کمائی کے متعلق دریافت کیا؟ آپ دونوں حضرات نے اس میں کوئی حرج نہیں سمجھا اور قرآن کی یہ آیت تلاوت فرمائی:﴿قُلْ لَّآ اَجِدُ فِيْ مَآ اُوْحِيَ اِلَيَّ مُحَرَّمًا عَلٰي طَاعِمٍ يَّطْعَمُهٗٓ اِلَّآ اَنْ يَّكُوْنَ مَيْتَةً اَوْ دَمًا مَّسْفُوْحًا اَوْ لَحْمَ خِنْزِيْرٍ فَاِنَّهٗ رِجْسٌ اَوْ فِسْقًا اُهِلَّ لِغَيْرِ اللّٰهِ بِهٖ ۚ فَمَنِ اضْطُرَّ غَيْرَ بَاغٍ وَّلَا عَادٍ فَاِنَّ رَبَّكَ غَفُوْرٌ رَّحِيْمٌ؁﴾ (اے پیغمبر ! ان سے) کہہ دیجیے کہ جو وحی مجھ پر نازل کی گئی ہے اس میں تو میں کوئی ایسی چیز نہیں پاتا جس کا کھانا کسی کھانے والے کے لیے حرام ہو، اِلا یہ کہ وہ مردار ہو، یا بہتا ہوا خون ہو، یا سور کا گوشت ہو؛ کیوںکہ وہ ناپاک ہے، یا جو ایسا گناہ کا جانور ہو جس پر اللہ کے سوا کسی اور کا نام پکارا گیا ہو۔ ہاں جو شخص (ان چیزوں میں سے کسی کے کھانے پر) انتہائی مجبور ہوجائے، جب کہ وہ نہ لذت حاصل کرنے کی غرض سے ایسا کر رہا ہو اور نہ ضرورت کی حد سے آگے بڑھے، تو بےشک اللہ بہت بخشنے والا، بڑا مہربان ہے۔[ایضاً]

حجامہ پر خود حضور نے اجرت دی اور دلوائی

حضرت انس بن مالکؓسے روایت ہے، ابوطیبہ نے رسول اللہ ﷺ کو حجامہ کیا تو آپ نے انھیں ایک صاع کھجور دینے کا حکم دیا اور حکم دیا کہ اس کے خراج میں تخفیف کردی جائے۔[بخاری] حضرت ابنِ عباسؓسے روایت ہے، حضرت نبی کریم ﷺ نے حجامہ کروایا اور حجامہ کرنے والے کو اس کی اجرت دلوائی، اگر آپ اسے مکروہ سمجھتے تو نہ دلواتے۔[ایضاً] حضرت انسؓسے روایت ہے، حضرت نبی کریم ﷺ حجامہ کرواتے تھے اور کسی کی اجرت میں کمی نہ کرتے تھے۔ ‏‏‏‏‏[ایضاً] حضرت ابنِ عباسؓسے روایت ہے، حضرت نبی کریم ﷺ نے حجامہ کروایا اور جس نے حجامہ کیا تھا اس کو مزدوری دی، اور اگر حجامہ پر اجرت لینا دینا حرام ہوتا تو آپ مزدوری نہ دیتے۔[ایضاً] یہ تمام روایات بخاری شریف میں موجود ہیں۔

’ابوداود‘ میں ہے: حضرت ابنِ عباسؓسے روایت ہے،رسول اللہ ﷺ نے خود حجامہ کروایا اور حجامہ کرنے والے کو اس کی اجرت دی اور اگر آپ اسے خبیث سمجھتے تو اسے اجرت نہ دیتے۔ ’مسنداحمد‘ میں ہے:حضرت علی ؓ فرماتے ہیں کہ ایک مرتبہ حضرت نبی کریم ﷺ نے حجامہ کروایا اور مجھے حکم دیا کہ حجامہ کرنے والے کو اس کی اجرت دے دو۔ ’مصنف ابنِ ابی شیبہ‘ میں ہے:حضرت ابنِ عمر ؓ سے روایت ہے، ابو طیبہ نامی حجامہ کرنے والے سے آپ ﷺ نے حجامہ کروایا اور اس سے پوچھا: تمھاری اجرت کتنی ہے؟ اس نے عرض کیا: تین صاع۔ آپ نے اس میں سے ایک صاع کم کرو ا کر اس کو اس کی اجرت ( دو صاع) عطا فرمائی۔ ’طبرانی‘ میں ہے: حضرت عکرمہؓ سے روایت ہے، رسول اللہ ﷺ نے حجامہ کروایا اور حجامہ کرنے والے کو مزدوری میں ایک دینار عطا فرمایا۔

ائمۂ مجتہدین و محدثین کا موقف

بخاری شریف کی روایت جو حضرت انسؓکے حوالے سے اوپر گزری، امام ترمذیؒ نےبھی وہ روایت نقل کی ہے اور باب باندھا ہے: ما جاء فی الرخصۃ فی کسب الحجام، یعنی ’حجامہ کرنے والے کی کمائی کی رخصت کا باب‘ اور اس کے ذیل میں تحریر فرمایا ہے: اس باب میں حضرت علیؓاور حضرت ابنِ عمرؓسے بھی روایات منقول ہیں۔ حدیثِ انسؓحسن صحیح ہے۔ بعض صحابۂ کرامؓاور دیگر علما نے حجامہ کی کمائی کو جائز کہا ہے۔ امام شافعیؒکا بھی یہی قول ہے۔ ’موطاامام مالک روایۃ امام محمد بن الحسن الشیبانی‘ میں ہے: حجامہ کی اجرت میں کوئی حرج نہیں، یہی امام اعظم ابوحنیفہؒکا بھی قول ہے۔ ’ ہدایہ‘ میں ہے:حمام اور حجام کا اجرت لینا جائز ہے ،حجام کا اجرت لینا اس لیے جائز ہے کہ حضرت نبی کریم ﷺ نے حجامہ کروایا اور حجامہ کرنے والے کو اجرت عطافرمائی اور اس لیے بھی کہ یہ معلوم اجرت کے بدلے معلوم کام پر اجارہ ہے، اس لیے جائز ہے۔

اس کے بر خلاف بعض اہلِ ظاہر اور بعض محدثیں کا قول ہے کہ حجامہ کی اجرت ہر حال میں حرام ہے؛ ان کی دلیل وہ حدیث ہے، جس میں حجامہ کرنے والے کی کمائی کو خبیث کہا ہے، لیکن حضرت نبی کریم ﷺ اورصحابۂ کرامؓکے اقوال و افعال اس کے جواز پر دلالت کرتے ہیں۔ اس لیے جواز کا قول راجح اور حرمت کا قول مرجوح ہے۔ دونوں طرح کی حدیثوں میں اتفاق اور مطابقت پیدا کرنے کی کوشش کی جائے تو کہا جا سکتا ہے کہ لفظ ’خبیث‘ کے دو معنی ہیں:حرام اور گھٹیا، اور حدیث ’کسب الحجّام خبيث‘ کا مطلب یہ ہوگا کہ حجامہ کرنے والے کی آمدنی حلال تو ہے لیکن کسی درجے میں خلافِ اولیٰ ہے۔ اِس کی وجہ یہ تھی کہ اُس زمانے میں حجامہ کرنے والے جانور کے سینگوں سے حجامہ کرتے تھے اور ہوا کو منہ سے کھینچتے تھے۔ اس میں کبھی ایسا بھی ہوتا ہوگا کہ خون ان کے منہ تک آ جاتا ہوگا۔ ظاہر ہے یہ صورت طبعی ناگواری کی ہے، لیکن اب چوںکہ منہ سے خون چوسنے یا کھینچنے کی سرے سے ضرورت ہی باقی نہیں رہی، اس لیے خلافِ اولیٰ کہنا بھی دشوار ہے۔ اب تو یہ کام آلات سے بہ آسانی پروفیشنل طریقے سے کیا جاتا ہے۔ اس کے باوجود نہ جانے کیوں اب تک علما پُرانی بات کو ہی بنیاد بناتے چلے آ رہے ہیں،اور حجامہ کرنے والے کے پیشے کو بیت الخلا صاف کرنے کے پیشے سے تشبیہ دیتے ہیں! ان کا کہنا ہے کہ اس میں نجاست سے قرب ہوتا ہے، لیکن اس میں نجاست سے قرب اتنا ہی ہے جتنا کسی ڈاکٹر کو ہوتا ہے، اور ڈاکٹر اور سرجن کے پیشے کو کوئی برا نہیں سمجھتا، بلکہ احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ حجامہ کرنے والا تو ایک مسنون علاج کو رواج دینے والا ہے، اس کی تو مزید پذیرائی ہونی چاہیے۔

’الموسوعۃ الفقہیۃ الکویتیہ‘ میں ہے:جمہور فقہاےحنفیہ، مالکیہ، شافعیہ اور ایک قول کے مطابق حنابلہ کا مذہب ہے کہ حجامہ کو بہ طور پیشہ اختیار کرنا، اور اجرت لینا جائز ہے۔ اس لیے بھی کہ یہ مباح منفعت ہے، لہٰذا اس پر اجرت لینا جائز ہوگا، جیسے عمارت بنانا اور کپڑے سینا، اور اس لیے بھی کہ لوگوں کو اس کی ضرورت پیش آتی ہے، اور ہر آدمی بغیر اجرت لیے بہ طور تبرع اس کام کو کرنے والا نہیں پاتا، لہٰذا رضاعت کی طرح اس پر اجارہ درست ہے۔ [الموسوعۃ الفقہیۃ الکویتیۃ] لیکن ’درسِ ترمذی‘ میں ہے:حدیث میں ’حجام کی اجرت‘ سے آپ ﷺ نے منع فرمایا، یہ ممانعت بہ اجماعِ امت تحریم پر محمول نہیں ہے، لیکن آپ نے اس طرف اشارہ فرما دیا کہ یہ کوئی اچھا پیشہ نہیں ہے، کیوں کہ اس پیشے میں انسان کو مسلسل نجاست میں ملوث رہنا پڑتا ہے، اس لیے کہ حجام اپنے منہ سے انسان کے جسم کا گندہ اور ناپاک خون چوس کر کھینچتا ہے جس کی وجہ سے اس کے منہ میں بھی خون آجاتا ہے، اس وجہ سے اس پیشے میں ایک طرح کی خباثت ہے، اس لیے بہ طور پیشے کے اس کو پسند نہیں فرمایا۔ اور ’تحفۃ القاری‘ میں ہے:سینگی لگوانا فسادِ خون کا بہترین علاج ہے اور یہ بھی ایک پیشہ ہے، مگر گندہ پیشہ ہے، پچھنے لگانے کی آمدنی جائز ہے، مگر یہ پیشہ کچھ اچھا نہیں، جیسے کمانے کا پیشہ یعنی بیت الخلاء صاف کرنے کا کا پیشہ فی نفسہٖ جائز ہے، مگر پسندیدہ نہیں، کیوںکہ اس میں نجاست سے قرب ہوتا ہے، اسی طرح پچھنے لگانے میں گندہ خون منہ میں لینا پڑتا ہے، اس لیے یہ پیشہ اچھا نہیں۔

حاصلِ کلام

خلاصۂ کلام یہ ہے کہ حجامہ کی اجرت کے جواز پر احادیث کی صریح روایتیں اور جمہور فقہا متفق ہیں، اور حضرت نبی کریم ﷺ کا خود حجامہ کروا کر اجرت عطا فرمانا اس کے حلال ہونے کی سب سے بڑی دلیل ہے؛ لہٰذا دورِ جدید کے جدید اور صاف ستھرے آلات کی دستیابی کے بعد اس با برکت طبّی فن اور مسنون عمل کو بہ طورِ پیشہ اپنانا نہ صرف جائز اور درست ہے، بلکہ سنتِ نبوی کو زندہ کرنے اور امت کو اس کے نفع بخش علاج سے روشناس کرانے کی وجہ سے لائقِ تحسین اور اجر و ثواب کا کام ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ اس سنتِ نبوی کو زندہ کیا جائے، تاکہ جدید سائنسی دور میں بھی طبِ نبوی کے اَن مِٹ نقوش اور روحانی و جسمانی فوائد سے بھرپور استفادہ کیا جا سکے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here