قربانی کےجانور کے بارے میں

مولانا ندیم احمد انصاری

سب کچھ اللہ سبحانہ و تعالیٰ کا عطا کیا ہوا ہے، اس لیے انسان کو چاہیے کہ اس کے حضور عمدہ سے عمدہ چیزیں پیش کرے۔ قربانی کا جانور بھی بے عیب اور صحیح و سالم ہونا ضروری ہے۔ حضرت عائشہ ؅ سے روایت ہے، رسول اللہ ﷺنے فرمایا: یومِ نحر کو اللہ کے نزدیک (جانور کا) خون بہانے سے زیادہ کوئی عمل محبوب نہیں،قربانی کا جانور قیامت کے دن اپنے سینگوں، بالوں اور کھروں کے ساتھ آئے گا، اور بے شک اس کا خون زمین پر گرنے سے پہلے اللہ تعالیٰ کے ہاں قبولیت حاصل کرلیتا ہے، اس لیے خوش دلی سے قربانی کرو۔[ترمذی]

جانور میں عیب اور اس کا حکم

جانور میں بعض ایسے کُھلے عیب ہوتے ہیں، جوقربانی وغیرہ میں مانع ہوتے ہیں، ان میں سے بعض پیدائشی ہوتے ہیں اور بعض بعد میں پیدا ہو جاتے ہیں۔ [ہندیہ]قربانی کا جانور اگر خریدتے وقت سالم و بے عیب تھا،بعد میں کوئی ایسا عیب پیدا ہو گیا جو قربانی سے مانع ہے، تو اگر وہ شخص مال دار ہے تو اس پر لازم ہے کہ اس کی جگہ دوسرا بے عیب و سالم جانور لے کر قربانی کرے، اوراگر فقیر ہے تواسی جانور کی قربانی کرسکتا ہے۔[درمختار مع الشامی]اگر جو جانور بے عیب اور سالم تھا، قربانی (کے لیے گرانے وغیرہ)کے وقت عیب دار ہوگیا، اس کی قربانی میں کوئی حرج نہیں ہے۔ [درمختار مع الشامی]

قربانی کے جانور میں چار عیب

حضرت بَرا بن عازب ؄ مرفوعاً نقل کرتے ہیں کہ(۱) ایسا لنگڑا جانور- جس کا لنگڑا پن ظاہر ہو (۲)ایسا کانا جانور- جس کا کانا پن ظاہر ہو- کی قربانی نہ کی جائے(۳)اسی طرح مریض اور (۴)بالکل کمزور جانور کی بھی قربانی نہ کی جائے- جس کا مرض ظاہر ہو- یا دوسری صورت میں اس کی ہڈیوں میں گودانہ نہ ہو۔ [ترمذی]

لنگڑے پن میں تفصیل

جو جانور بالکل لنگڑا ہو یا اس قدر لنگڑا ہو کہ تین پاؤں زمین پر رکھتا ہو اور چوتھا پاؤںزمین پر رکھ ہی نہ سکتا ہو،تو اس کی قربانی جائز نہیں،لیکن اگر چوتھا پاؤں زمین پر ٹیک کر، بھلے ہی لنگڑاکر ،چل سکتا ہو تو اس کی قربانی درست ہے۔[درمختار مع الشامی]

سینگ ٹوٹا یا کان کٹا ہوا جانور

حضرت علی ؄ سے روایت ہے، حضرت نبی کریم ﷺ نے ٹوٹے ہوئے سینگ اور کٹے ہوئے کان والے جانور کی قربانی سے منع فرمایا۔ قتادہ کہتے ہیں کہ میں نے سعید بن مسیب سے اس کا تذکرہ کیا تو انھوں نے فرمایا؛ سینگ اگر نصف یا نصف سے زائد ٹوٹا ہوا ہو تو اس کی ممانعت ہے، ورنہ نہیں۔ [ترمذی]

ٹوٹے ہوئے سینگ میں تفصیل

ایسے جانور کی قربانی تو جائز و درست ہے جس کے پیدائش طور پر سینگ نہ ہوں یا ٹوٹے ہوئے ہوں یا ان کا خول اتر گیا ہے،اور مذکورہ بالا حدیث نہیِ تنزیہی پر محمول کی جائے گی، اور اگر جانور کے سینگ کا کچھ حصہ اوپر سے ٹوٹ گیا ہو، تو اس کی قربانی درست ہوگی، لیکن اگر سینگ ٹوٹنے کا اثر دماغ تک پہنچ گیا، تو اس کی قربانی درست نہ ہوگی۔[شامی]

اندھا، کانا یا کان کٹا ہوا جانور

حضرت علی ؄سے روایت ہے،رسول اللہ ﷺ نے ہمیں حکم دیا کہ قربانی کے جانور کی آنکھ اور کان اچھی طرح دیکھ لیں، تاکہ کوئی نقص نہ ہو، اور ہمیں ایسے جانور کی قربانی سے منع فرمایا، جس کے کان آگے یا پیچھے سے کٹے ہوئے یا پھٹے ہوئے ہوں، یا ان میں سوراخ ہو۔ [ترمذی ]اس لیے جس جانور کی آنکھوں کی کُل یا اکثر روشنی جا چکی ہو، اس کی قربانی درست نہ ہوگی۔[درمختارمع الشامی] اور جس جانور کے کان پیدائشی طور پر نہ ہوں، اس کی قربانی درست نہ ہوگی۔ [شامی]لیکن کان تو ہوں، مگر تھوڑا بہت کٹا ہوا ہوتو قربانی درست ہے،اگر اکثر حصہ کٹ گیا ہو تو اس کی قربانی درست نہ ہوگی۔ [شامی]

دانت ٹوٹا ہوا جانور

بکری/ بکرا پورے ایک سال کا ہونا ضروری ہے، اگر ایک دن بھی کم ہوگا تو قربانی درست نہیں ہوگی۔ دو دانت ہونا اس کی علامت ہے۔جس جانور کے دانت بالکل نہ ہوں یا اکثر ٹوٹ چکے ہوں، اس کی قربانی درست نہیں ہے، اور جس کے دو چار دانت ٹوٹے ہوئے ہوں کہ چارہ کھانے میںزیادہ دشواری نہ ہوتی ہو،اس کی قربانی کی جا سکتی ہے۔[درمختار مع الشامی]
بغیر دُم والا یا دُم کٹا ہوا جانور

اگر پیدائشی طور پر جانور کی دم نہ ہو تو امام اعظم ابوحنیفہؒ کے نزدیک اس کی قربانی درست ہے، لیکن امام محمدؒ کے نزدیک درست نہیں (اس لیے احتیاط اسی میں ہے کہ اس کی قربانی نہ کی جائے)۔ [شامی]اس میں تفصیل یہ ہے کہ اگر دُم کا اکثر حصہ کٹا ہوا ہو تو ایسے جانور کی قربانی جائز نہیں، اور اگر معمولی حصہ کٹا ہوا ہو تو اس کی قربانی درست ہے۔ [شامی]

گابھن یا لنگڑاجانور

حضرت علی ؄ سے روایت ہے کہ بقرہ کی قربانی سات آدمیوں کے لیے ہے۔ راوی نے عرض کیا: اگر وہ خریدنے کے بعد بچہ جنے؟ فرمایا: اس کو بھی ساتھ ہی ذبح کر دو۔ میں نے عرض کیا: لنگڑی بقرہ کا کیا حکم ہے۔ فرمایا :اگر وہ قربان گاہ تک پہنچ جائے (تو جائز ہے)۔ میں نے عرض کیا: اگر اس کا سینگ ٹوٹا ہوا ہو ؟ فرمایا: اس میں کوئی حرج نہیں۔ اس لیے کہ ہمیں حکم دیا گیا؛ یا فرمایا؛ ہمیں حضرت نبی کریم ﷺ نے حکم دیا کہ ہم کانوں اور آنکھوں کو اچھی طرح دیکھ لیں۔ [ترمذی] حاملہ جانور کی قربانی جائز ہے، لیکن اگر ولادت کا زمانہ بالکل قریب ہو، تو مکروہ ہے۔ [ہندیہ]خیال رہے کہ بھارت کے ملکی قانون میں بقرہ کی قربانی ممنوع قرار دی گئی ہے۔

خصّی جانور کی قربانی

حضرت ابوہریرہ ؄ سے روایت ہے،اللہ کے رسول ﷺ جب قربانی کا ارادہ فرماتے تو دو بڑے، موٹے، سینگ والے، سفید و سیاہ رنگ کے خصی مینڈھے خریدتے؛ ان میں سے ایک اپنی امت کے ان افراد کی طرف سے ذبح کرتے جو توحید اور رسول اللہ ﷺ کے احکامات پہنچانے کی شہادت دیں اور دوسری اپنی طرف سے اور اپنی آل کی طرف سے ذبح کرتے۔ [ابن ماجہ ]اس لیے خصی جانور کی قربانی نہ صرف جائزبلکہ افضل ہے، اس کا گوشت بھی اچھا ہوتا ہے۔[ہندیہ]

خنثیٰ جانورکی قربانی

خنثیٰ جانور کی قربانی درست نہیں ہے۔[درمختار مع الشامی] لیکن اگر کسی نے اتفاقاً خنثیٰ جانور کی قربانی کر لی اور اس کا گوشت اچھی طرح پک گیا، تو وہ قربانی درست ہو جائے گی۔[امداد الفتاویٰ، محمود الفتاویٰ مبوب]

وحشی اور جنگلی جانور کی قربانی

وحشی اور جنگلی جانور کی قربانی جائز نہیں ہے۔ یہاں تک کہ اگر کوئی شخص جنگلی جانور کو پال لے اور یہ جانور اس سے مانوس ہو جائے، تب بھی اس کی قربانی جائز نہیں۔ [ہندیہ]

[کالم نگار الفلاح اسلامک فاؤنڈیشن، انڈیا کے
محقق اور ڈیرکٹر ہیں]

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here